مری ایکسپریس وے حادثہ کیس: مفرور ڈرائیور گرفتار، اہم پیش رفت سامنے آگئی

مری ایکسپریس وے پر 10 جون 2026 کو پیش آنے والے خوفناک اور جان لیوا حادثے کے مرکزی ملزم ممتاز احمد کو موٹروے پولیس نے خفیہ اطلاع پر گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار ملزم کا تعلق ملتان سے بتایا جا رہا ہے اور وہ واقعے کے بعد سے مفرور تھا۔پولیس ذرائع کے مطابق یہ کارروائی ڈی ایس پی محمود کی نگرانی میں انجام دی گئی، جس کے دوران ملزم کو حراست میں لیا گیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق ملزم خود بھی اسی حادثے میں زخمی ہوا تھا، جس کے بعد اسے پمز ہسپتال اسلام آباد منتقل کر کے علاج معالجہ فراہم کیا گیا، تاہم بعد میں وہ فرار ہو گیا تھا۔

ملزم تھانہ مری میں درج مقدمہ نمبر 330/26 میں مطلوب تھا۔ موٹروے پولیس نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے اس کی گرفتاری عمل میں لائی اور اب اسے مزید قانونی کارروائی کے لیے تھانہ مری پولیس کے حوالے کیا جا رہا ہے۔یاد رہے کہ 10 جون کو مری ایکسپریس وے پر ایک تیز رفتار ہائی ایس گاڑی حفاظتی دیوار سے ٹکرا گئی تھی، جس کے نتیجے میں گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی اور حادثہ انتہائی ہولناک صورت اختیار کر گیا۔ اس واقعے میں 10 افراد جاں بحق جبکہ 16 مسافر زخمی ہوئے تھے۔

پولیس کے مطابق حادثہ مبینہ طور پر تیز رفتاری اور لاپرواہی کے باعث پیش آیا، تاہم اصل وجوہات کا تعین مکمل تفتیش کے بعد کیا جائے گا۔ گرفتار ڈرائیور سے مزید پوچھ گچھ کی جائے گی تاکہ یہ معلوم ہو سکے کہ حادثہ صرف انسانی غلطی تھا یا اس میں دیگر عوامل بھی شامل تھے۔ملزم کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 279، 322، 337-G اور 427 کے تحت مقدمہ درج ہے، جن کے تحت لاپرواہی سے ڈرائیونگ، قتلِ خطا اور املاک کو نقصان پہنچانے کے الزامات شامل ہیں۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کیس کی تفتیش جاری ہے اور مزید اہم انکشافات سامنے آنے کا امکان ہے، جبکہ متاثرہ خاندانوں کو انصاف کی فراہمی کے لیے کیس کو ترجیحی بنیادوں پر آگے بڑھایا جا رہا ہے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے