لاہور: شدید گرمی کی لہر، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی عوامی سہولیات بہتر بنانے کی ہدایات

لاہور (پنجاب پوسٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں جاری شدید گرمی کی لہر کے پیش نظر عوام کیلئے فوری ریلیف اقدامات کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے متعلقہ انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ ہر شہر کے چوک چوراہوں میں شہریوں کے لیے سایہ دار شیڈز (shade) کا انتظام کیا جائے تاکہ دھوپ میں آنے جانے والوں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔
انہوں نے مزید حکم دیا کہ ہائی وے وین اسٹینڈز، بس ٹرمینلز اور ریلوے اسٹیشنز پر مسافروں کے لیے ٹھنڈا پانی، پنکھے اور کولر لازمی طور پر نصب کیے جائیں۔
دفاتر میں آنے والے شہریوں کے لیے بھی ٹھنڈے پانی کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ عوام کو سخت گرمی میں کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔


وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے عوام سے اپیل کی ہے کہ شدید گرمی اور لو کی صورتحال کے پیش نظر بلا ضرورت گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین، بزرگوں اور بچوں کا خاص طور پر خیال رکھا جائے کیونکہ وہ گرمی سے زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ اسکول سمر کیمپس میں طلبہ اور اساتذہ کے لیے ٹھنڈے پانی، پنکھوں اور ایئر کولرز کی فراہمی کو بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔
ٹریفک پولیس کو ہدایت دی گئی ہے کہ موٹر سائیکل سواروں کو چلچلاتی دھوپ میں غیر ضروری طور پر نہ روکا جائے اور اگر کسی موٹر سائیکل پر فیملی یا بچے موجود ہوں تو انہیں دھوپ میں زیادہ دیر تک نہ کھڑا کیا جائے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ شدید گرمی سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہی بہترین حکمت عملی ہے تاکہ شہری محفوظ رہ سکیں۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے