اپنی چھت اپنا گھر پروگرام نے کم لاگت ہاؤسنگ کے شعبے میں ایک اور اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے اور مقررہ ہدف سے پہلے ایک لاکھ 60 ہزار سے زائد قرضے مستحق اور کم آمدنی والے خاندانوں میں تقسیم کر دیے گئے ہیں۔ اس پروگرام کے تحت گھروں کی تعمیر کے لیے اب تک مجموعی طور پر 211 ارب روپے جاری کیے جا چکے ہیں، جو حکومتی سطح پر ایک بڑا مالیاتی اقدام تصور کیا جا رہا ہے۔سرکاری رپورٹ کے مطابق اب تک ایک لاکھ 2 ہزار 645 گھر مکمل ہو چکے ہیں اور ہزاروں خاندان اپنے نئے اور ذاتی گھروں میں منتقل ہو کر بہتر رہائشی سہولیات سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ایک لاکھ سے زائد گھروں پر تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے، جو ملک میں رہائشی بحران کے حل کی جانب ایک مثبت پیش رفت ہے۔
یہ بھی پڑھیں:گھروں اور ہاسٹلز میں چوری کی وارداتیں کرنے والی خاتون گداگر گرفتار
مزید بتایا گیا ہے کہ اس وقت 31 ہزار سے زائد گھر مختلف مراحل میں زیر تعمیر ہیں، جبکہ آئندہ مرحلے میں مزید 26 ہزار گھروں کی تعمیر جلد شروع کی جائے گی۔ اس توسیعی مرحلے سے کم آمدنی والے طبقات کو مزید رہائشی سہولتیں فراہم ہوں گی۔حکام کے مطابق یہ پروگرام پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا کم لاگت ہاؤسنگ فنانس منصوبہ بن چکا ہے، جس نے عوام کو اپنی چھت کا خواب حقیقت میں بدلنے کا موقع فراہم کیا ہے۔ورلڈ اربن فورم میں بھی اس منصوبے کو خصوصی طور پر سراہا گیا، جہاں اسے ایک مؤثر اور قابلِ تقلید ماڈل کے طور پر پیش کیا گیا۔ سیکرٹری ہاؤسنگ کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کا ہاؤسنگ ویژن تیزی سے عملی شکل اختیار کر رہا ہے اور اس میں شفافیت اور رفتار کو بنیادی اہمیت دی گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کا ہدف صرف گھر فراہم کرنا نہیں بلکہ شہریوں کو محفوظ، پائیدار اور معیاری رہائش مہیا کرنا ہے۔ اس پروگرام کو مستقبل میں مزید وسعت دینے اور زیادہ سے زیادہ مستحق خاندانوں تک پہنچانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔














