(پنجاب پوسٹ) ننکانہ صاحب میں سکھ قوم کے مذہبی تہوار جوڑ میلے کی تقریبات کا آغاز آج اکھنڈ پاٹ کی رسم سے کیا جائے گا۔ ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق دنیا بھر سے سکھ یاتریوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سکھ یاتریوں کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو اور ڈی پی او ارسلان زاہد نے گوردوارہ جنم استھان کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے یاتریوں کے رہائشی ایریاز، سی سی ٹی وی کنٹرول روم، لنگر خانے سمیت گوردوارہ جنم استھان کے مختلف حصوں کا تفصیلی جائزہ لیا اور سیکیورٹی و انتظامات کا معائنہ کیا۔
ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق جوڑ میلے کی تقریبات 12 جون تک جاری رہیں گی، جبکہ مرکزی تقریب گوردوارہ ڈیرہ صاحب لاہور میں منعقد ہوگی۔
ترجمان نے بتایا کہ سکھ قوم یہ جوڑ میلہ اپنے گرو ارجن دیو جی کی شہادت کی یاد میں مناتی ہے۔
ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب نے کہا کہ جوڑ میلے میں شرکت کے لیے آنے والے سکھ یاتریوں کے لیے مثالی انتظامات کیے گئے ہیں اور ننکانہ صاحب کی انتظامیہ و عوام ان کے پرتپاک استقبال کے لیے پرجوش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ رہائش، کھانے اور صحت کی سہولیات کے بہترین انتظامات مکمل ہیں۔ پاکستان پرامن اور سکھ قوم سے محبت کرنے والا ملک ہے اور یہاں آنے والے یاتری ہمیشہ اچھی یادیں لے کر جائیں گے۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ سکھ یاتریوں کے لیے فول پروف سیکیورٹی یقینی بنائی گئی ہے۔
ڈی پی او ارسلان زاہد نے کہا کہ یاتری سٹیٹ کے مہمان ہیں اور انہیں خصوصی پروٹوکول فراہم کیا جا رہا ہے۔ ضلعی پولیس نے سیکیورٹی کے لیے خصوصی پلان تشکیل دیا ہے تاکہ ان کی حفاظت ہر صورت یقینی بنائی جا سکے۔
دورے کے موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ننکانہ ڈاکٹر ندا اقبال، سردار سرجیت سنگھ کنول سمیت دیگر ضلعی افسران بھی موجود تھے۔













