شیخوپورہ ( پنجاب پوسٹ ) شیخوپورہ میں خاتون اور 14 سالہ بیٹی پر تیزاب پھینکنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا۔چئیرپرسن پنجاب وومن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او شیخوپورہ سے واقعے کی فوری رپورٹ طلب کر لی جبکہ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم وقاص کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق واقعہ تھانہ کوٹ عبدالمالک کی حدود میں پیش آیا۔ملزم نے سابقہ اہلیہ اور 14 سالہ بیٹی پر تیزاب پھینکا۔تیزاب گرنے سے خاتون کا بازو اور جسم کے دیگر حصے جھلس گئے۔تیزاب گرنے سے کم سن بیٹی کا بازو بھی جھلس گیا۔

چئیرپرسن وومن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق متاثرہ خاتون اور بچی کو ہر ممکن انصاف فراہم کیا جائے گا۔ ایسڈ حملہ سنگین جرم ہے، اب کوئی ملزم قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکے گا۔ایسیڈ کنٹرول بل 2025 کے تحت ایسڈ حملوں کے ملزمان کو سخت سزا ملے گی۔
مزید پڑھیں :لاہور کو "چائلڈ فرینڈلی سٹی” بنانے کی تیاریاں، ایل ڈی اے اور یونیسکو پاکستان کے مابین کیا معاہدہ ہوا؟
حنا پرویز بٹ کے مطابق ایسڈ حملے کے مجرم کو کم از کم 14 سال قید اور پانچ لاکھ روپے تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔ ایسڈ حملہ ناقابلِ ضمانت اور ناقابلِ راضی نامہ جرم ہے۔ایسڈ حملہ کرنے والا ملزم اب ضمانت یا راضی نامے کے پیچھے چھپ نہیں سکے گا۔ ایسڈ کی خرید و فروخت کو بھی قانون کے دائرے میں لایا جا چکا ہے۔
چئیرپرسن وومن پروٹیکشن اتھارٹی کے مطابق متاثرہ خاتون اور کم سن بیٹی کو قانونی، طبی اور نفسیاتی معاونت فراہم کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا واضح پیغام ہے کہ خواتین پر تشدد برداشت نہیں کیا جائے گا۔خواتین کے لیے محفوظ پنجاب صرف نعرہ نہیں، حکومت پنجاب کا عملی مشن ہے۔
یہ بھی پڑھیں : کم عمر گھریلو ملازمہ سے مبینہ زیادتی، دونوں ملزمان گرفتار










