لاہور( پنجاب پوسٹ ) پولیس آپریشنز ونگ نے شادباغ اور شفیق آباد میں ڈکیتی کی دو بڑی وارداتیں ناکام بناتے ہوئے ایک اشتہاری ملزم کو ہلاک اور ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق شادباغ میں پولیس پارٹی پر فائرنگ کرنے والا اشتہاری ملزم جوابی کارروائی میں ہلاک ہوگیا، جبکہ شفیق آباد میں ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ترجمان کے مطابق گزشتہ روز مختلف کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 170 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ اسلحہ ایکٹ کی خلاف ورزی پر 9 مقدمات درج کرکے 9 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جن کے قبضے سے ایک بندوق، 7 پستول اور درجنوں گولیاں برآمد ہوئیں۔
یہ بھی پڑھیں : سنٹرل پولیس آفس میں آئی جی پنجاب عبدالکریم کی پولیس ملازمین اور اہل خانہ سے ملاقات
منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں میں 9 ملزمان گرفتار کیے گئے جن کے قبضے سے 740 گرام آئس، 2 کلو 380 گرام چرس، 390 گرام ہیروئن اور 102 لیٹر شراب برآمد کی گئی۔
پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر 29 مقدمات درج کرکے 29 افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ ان کے قبضے سے 152 پتنگیں، 10 چرخیاں اور دھاتی ڈور برآمد ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں : لاہور پولیس نے رواں سال 10 ہزار سے زائد اشتہاری مجرمان کو گرفتار کرنے کے لیے کیا طریقہ اپنایا؟
جوئے کے خلاف کارروائیوں میں 8 ملزمان کو حراست میں لے کر ان سے داؤ پر لگی 28 ہزار روپے کی رقم برآمد کی گئی۔ ہراسمنٹ میں ملوث 7 ملزمان کو بھی گرفتار کر کے قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔
ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق 96 اشتہاری مجرمان اور مفرور ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا جبکہ دیگر جرائم میں ملوث افراد کو مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
فیصل کامران کا کہنا تھا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور جرائم کے خاتمے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔










