لاہور( پنجاب پوسٹ) لاہور پولیس نے اشتہاری مجرمان کے خلاف جاری کارروائیوں میں تیزی لاتے ہوئے رواں سال کے دوران اے اور بی کیٹیگری کے 10 ہزار 841 ملزمان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ یہ اعداد و شمار پولیس حکام کے مطابق شہر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری حکمت عملی کا حصہ ہیں۔
ترجمان لاہور پولیس کے مطابق مختلف ڈویژنز میں کی جانے والی کارروائیوں کے دوران کینٹ ڈویژن سے 2 ہزار 285، سول لائنز سے 770 اور سٹی ڈویژن سے 2 ہزار 502 اشتہاریوں کو گرفتار کیا گیا۔ اسی طرح صدر ڈویژن میں ایک ہزار 522، اقبال ٹاؤن میں 2 ہزار 326 جبکہ ماڈل ٹاؤن ڈویژن میں ایک ہزار 436 ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کے مطابق یہ گرفتاریاں پولیس کی مؤثر حکمت عملی اور مربوط کارروائیوں کا نتیجہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس عمل سے زیر التوا مقدمات کو نمٹانے میں بھی مدد ملے گی اور نظامِ انصاف کی کارکردگی بہتر ہو سکے گی۔
پولیس حکام کے مطابق جدید ٹیکنالوجی اور ہیومن انٹیلی جنس کو بروئے کار لاتے ہوئے اشتہاری مجرمان کا سراغ لگایا جا رہا ہے۔ اس ضمن میں ہوٹل آئی، ٹریول آئی اور ٹیننٹ رجسٹریشن جیسے ڈیجیٹل نظام اور موبائل ایپلی کیشنز بھی معاون ثابت ہو رہی ہیں۔
سی سی پی او لاہور نے ہدایت کی ہے کہ بی کیٹیگری کے اشتہاری مجرمان کے خلاف کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے تاکہ شہر میں قانون کی عملداری کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔












