شاہینوں کا 1000واں ون ڈے ، آسٹریلیا کیساتھ کتنے میچز ہوچکے ہیں ؟

لاہور( پنجاب پوسٹ) پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کا آغاز کل سے راولپنڈی میں ہوگا، جہاں دونوں ٹیمیں پہلے میچ میں مدِمقابل آئیں گی۔

سیریز کا پہلا ون ڈے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا اور تیسرا میچ قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہوگا۔ تمام میچز شام ساڑھے چار بجے پاکستان وقت کے مطابق شروع ہوں گے۔

یہ میچ پاکستان کرکٹ ٹیم کیلئے تاریخی اہمیت کا حامل ہوگا کیونکہ قومی ٹیم اپنی تاریخ کا ایک ہزارواں ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیلے گی۔ پاکستان ٹیم کی قیادت شاہین شاہ آفریدی جبکہ آسٹریلوی ٹیم کی قیادت جوش انگلس کریں گے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان اب تک 111 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے جا چکے ہیں جبکہ قومی ٹیم نے آسٹریلیا کے خلاف آخری دو ون ڈے سیریز 2-1 سے اپنے نام کی تھیں، جس سے گرین شرٹس کے حوصلے بلند ہیں۔

شائقین کرکٹ پاکستان میں میچز براہ راست پاکستان ٹیلی ویژن کے اسپورٹس چینل پر دیکھ سکیں گے جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ پہلی بار “PCB Live” کے ذریعے میچز کی لائیو سٹریمنگ بھی کرے گا۔

کمنٹری پینل میں عامر سہیل، رمیز راجہ، بازید خان، عروج ممتاز اور گریگ بلیوٹ شامل ہوں گے۔

قومی کپتان شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ پاکستان کا ایک ہزارواں ون ڈے کھیلنا ٹیم کیلئے ایک خاص لمحہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا دنیا کی مضبوط ترین ٹیموں میں شامل ہے اور دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلے ہمیشہ سخت ہوتے ہیں۔ ان کے مطابق کھلاڑیوں نے ٹریننگ کیمپ میں بھرپور محنت کی ہے اور ٹیم جیت کیلئے پرعزم ہے جبکہ گزشتہ دو سیریز میں کامیابی نے قومی ٹیم کے اعتماد میں اضافہ کیا ہے۔ شاہین نے راولپنڈی اور لاہور میں شائقین کی سپورٹ کو بھی کھلاڑیوں کیلئے حوصلہ افزا قرار دیا۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے