لاہور (پنجاب پوسٹ) آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کی لاہور آمد کے موقع پر شہر بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔ قذافی اسٹیڈیم میں دونوں ٹیموں کی پریکٹس جاری ہے جبکہ پہلا ون ڈے میچ بروز منگل کھیلا جائے گا۔
پولیس آپریشنز ونگ نے غیر ملکی ٹیم کی سیکیورٹی کے لیے فول پروف سیکیورٹی پلان نافذ کر دیا ہے اور تمام حفاظتی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق پی سی ہوٹل سے قذافی اسٹیڈیم تک تمام روٹس کی سیف سٹی کیمروں کے ذریعے کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔ کھلاڑیوں اور شائقین کی سیکیورٹی کے لیے سینئر افسران سمیت سینکڑوں اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ خواتین شائقین کی سہولت اور چیکنگ کے لیے لیڈی پولیس اہلکار بھی خصوصی ڈیوٹی پر مامور ہیں۔ اس کے علاوہ ایلیٹ فورس، ڈولفن اسکواڈ اور پولیس ریسپانس یونٹ مسلسل روٹس اور اطراف میں پٹرولنگ کر رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: شاہینوں کا 1000واں ون ڈے ، آسٹریلیا کیساتھ کتنے میچز ہوچکے ہیں ؟
سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے بلند عمارتوں پر ماہر سنائپرز بھی تعینات کیے گئے ہیں جبکہ آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کی آمد سے قبل شہر بھر میں سرچ اینڈ سویپ آپریشنز بھی جاری ہیں۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے مزید کہا کہ تمام طے شدہ ایس او پیز پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ شہریوں کی سہولت اور ٹریفک کی روانی کے لیے خصوصی ٹریفک پلان بھی تشکیل دیا گیا ہے۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اس بین الاقوامی ایونٹ کو کامیاب بنانے کے لیے پولیس سے بھرپور تعاون کریں۔










