مری (پنجاب پوسٹ)کوٹلی ستیاں علاقے میں امن و امان، ماحولیاتی تحفظ اور سماجی برائیوں کے خاتمے کے لیے نمبرداروں نے انتظامیہ کے ساتھ مل کر جامع لائحہ عمل طے کر لیا۔ اسسٹنٹ کمشنر کی زیر صدارت منعقدہ اہم اجلاس میں چئیرمین نمبردار ایسوسی ایشن کوٹلی ستیاں، نمبردار راجہ منظور ستی کی قیادت میں نمبرداروں کے وفد نے شرکت کی۔
اجلاس میں نشہ خوری کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے منشیات فروشوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے پر اتفاق کیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے ہدایت دی کہ نمبردار اپنے علاقوں میں اطلاع رسانی اور آگاہی مہم میں کلیدی کردار ادا کریں۔
اجلاس کا ایک اہم حصہ جنگلات کے تحفظ اور ماحولیاتی بہتری کے لیے مختص رہا۔ شرکاء نے جنگلات پر ناجائز قبضے، درختوں کی غیر قانونی کٹائی اور آگ لگنے کے واقعات کی فوری اطلاع دینے کا عہد کیا۔ نمبردار محکمہ جنگلات کے ساتھ مل کر شجرکاری مہم کو کامیاب بنائیں اور سرکاری اراضی پر تجاوزات کی روک تھام کریں۔
مزید پڑھیں: ماموں کانجن میں پہیہ جام ہڑتال، تین ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے پر احتجاج
چئیرمین راجہ منظور ستی نے کہا کہ کوٹلی ستیاں کا علاقہ قدرتی حسن سے مالا مال ہے، اسے بچانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ نمبردار جنگلات کی حفاظت، صفائی مہم اور حکومتی فلاحی سکیموں کو گھر گھر پہنچانے میں انتظامیہ کے دست و بازو بنیں گے۔
اجلاس میں علاقے میں صفائی مہم چلانے، سرکاری املاک کی حفاظت اور عوامی شکایات کے فوری ازالے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے نمبرداروں کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ نمبرداری نظام کی بحالی سے نچلی سطح پر حکومت کی رِٹ مضبوط ہوگی اور عوام کو براہ راست ریلیف ملے گا۔
شرکاء نے ماہانہ جائزہ اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ بھی کیا تاکہ طے شدہ اہداف پر پیش رفت کا جائزہ لیا جا سکے۔













