لاہور(پنجاب پوسٹ) لاہور: عیدالاضحیٰ کی آمد کے پیش نظر لاہور سمیت پنجاب بھر کی مویشی منڈیوں میں خریداروں کا رش بڑھ گیا، جبکہ شہریوں، بیوپاریوں اور جانوروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے پنجاب پولیس کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق صوبہ بھر میں قائم 222 مویشی منڈیوں کی سکیورٹی کے فرائض 4 ہزار سے زائد افسران و اہلکار سرانجام دے رہے ہیں۔ لاہور میں قائم 6 مویشی منڈیوں کی سکیورٹی کیلئے 600 سے زائد پولیس افسران اور جوان تعینات کئے گئے ہیں۔
اوکاڑہ پولیس نے مویشی چور شہزادی کو کیسےگرفتار کیا؟: پنجاب کی 222 مویشی منڈیوں کی سکیورٹی کیلئے 4 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات ، آپ کے شہر کی صورتحال کیا ہوگی؟آئی جی پنجاب عبدالکریم کا کہنا ہے کہ مویشی منڈیوں میں آنے والے بیوپاریوں اور شہریوں کی سکیورٹی کیلئے جامع اقدامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ضلعی انتظامیہ کے منظور شدہ پوائنٹس کے علاوہ کسی مقام پر مویشی منڈی لگانے کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ غیر قانونی مویشی منڈیوں اور سیل پوائنٹس کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ نوسربازوں، جیب تراشوں اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کیلئے مؤثر پٹرولنگ پلان تشکیل دیا جائے، جبکہ پولیس رسپانس یونٹس اور پٹرولنگ ٹیمیں مویشی منڈیوں کے اطراف مسلسل گشت کو یقینی بنائیں۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق شیخوپورہ ریجن میں 23 مویشی منڈیوں کیلئے 150، گوجرانوالہ ریجن میں 44 منڈیوں کیلئے 525، راولپنڈی ریجن میں 22 منڈیوں کیلئے 340 سے زائد، سرگودھا ریجن میں 22 منڈیوں کیلئے 170 افسران و اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔
اسی طرح فیصل آباد میں 19 منڈیوں کیلئے 538 سے زائد، ملتان میں 20 منڈیوں کیلئے 480 سے زائد، ساہیوال میں 11 منڈیوں کیلئے 230 سے زائد، بہاولپور میں 29 منڈیوں کیلئے 410 سے زائد جبکہ ڈی جی خان میں 26 مویشی منڈیوں کیلئے 210 سے زائد افسران و اہلکار سکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
















