چکوال(پنجاب پوسٹ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ حکومت سدا نہیں رہتی اور اقتدار سے زیادہ عارضی کوئی چیز نہیں ہے۔
چکوال یونیورسٹی میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ان کی کوشش ہے کہ پنجاب کا کوئی بیٹا یا بیٹی وسائل کی کمی کے باعث تعلیم سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے بتایا کہ خیبرپختونخوا سے بھی ہونہار طلبہ تقریب میں شریک ہیں، جنہیں اسکالرشپس کا تحفہ دیا جا رہا ہے، جبکہ لیپ ٹاپس میں بھی کے پی کے بچوں کا حصہ رکھا گیا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ ماضی میں چھوٹے شہروں کے مریضوں کو سہولتیں نہ ہونے کے باعث علاج کے لیے بڑے شہروں میں لے جانا پڑتا تھا، تاہم اب چکوال میں کسی کو دل کا عارضہ لاحق ہو تو اس کا علاج اسی شہر میں مفت ہوگا۔ ان کے مطابق جیسا کیتھ لیب لاہور میں ہے، ویسا ہی چکوال میں بھی موجود ہے، اور جیسا اسکول آف ایمیننس لاہور میں ہے، ویسا ہی چکوال میں بھی قائم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چکوال کے لیے مزید گرین بسیں بھی آ رہی ہیں۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ جنوبی پنجاب میں لاکھوں افراد اپنا گھر اسکیم سے مستفید ہو چکے ہیں اور اب تک اس اسکیم کے تحت ڈھائی لاکھ گھر تعمیر کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے نواز شریف کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جس کو گھر مل گیا، اسے مستقبل کی ضمانت مل گئی۔
مریم نواز نے کہا کہ جو سفارش پر آتا ہے وہ قابل نہیں ہوتا، پنجاب میں اب میرٹ کی حکمرانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور اقتدار سے زیادہ عارضی کچھ نہیں، اور وعدہ کیا کہ وہ نوجوانوں کے خواب پورے کرتی رہیں گی۔










