ملتان (پنجاب پوسٹ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک میں اگر نئے صوبے بنائے جائیں تو یہ فیصلہ مکمل اتفاقِ رائے سے ہونا چاہیے۔ ملتان میں ’میٹ دی پریس‘ سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ملک مزید نفرت اور تقسیم کی سیاست کا متحمل نہیں ہو سکتا، اس لیے ایسے اہم فیصلوں میں تمام سیاسی فریقوں کو ساتھ لے کر چلنا ہو گا۔
نظام کو ’ری سیٹ‘ کرنے کا معاملہ
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اگر نظام کو ’ری سیٹ‘ یا ’ری بوٹ‘ کرنا ہے تو یہ عمل جمہوری اور سیاسی انداز میں ہونا چاہیے، نہ کہ غیر سیاسی طریقے سے۔ ان کے مطابق اگر یہ عمل سیاسی ہو گا تو حکومتی جماعت اور اس کے اتحادیوں کے ساتھ ساتھ اپوزیشن جماعتوں کو بھی اس مکالمے میں شامل کرنا پڑے گا۔
انھوں نے کہا کہ اس پر بھی غور کرنا ہو گا کہ پارلیمان پر عوامی اعتماد کیسے بحال کیا جا سکتا ہے۔ انھوں نے سوال اٹھایا کہ حکومت اعتماد سازی کے لیے اپوزیشن کو کون سے اقدامات کی پیشکش کر سکتی ہے اور ایسے نظام پر، جس پر بعض جماعتوں کو اعتماد نہیں، دوبارہ اعتماد کیسے قائم کیا جا سکتا ہے۔
پارلیمان کی بالادستی
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ اگر پارلیمان کو فعال بنانا ہے تو تمام فیصلے ملک کی پارلیمان میں ہی ہونے چاہییں۔ ان کے بقول اگر فیصلے پارلیمان سے باہر کروائے یا طے کیے جائیں گے تو یہ نظام مسائل کا سامنا کرنے کے قابل نہیں رہے گا۔
معاشی مشکلات
بلاول بھٹو نے کہا کہ اس وقت پورا پاکستان معاشی مشکلات سے دوچار ہے اور ملک کو مزید اقتصادی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ کسان کو اپنی فصل کی مناسب قیمت نہیں مل رہی جبکہ مزدور بھی اپنی محنت کا پورا صلہ حاصل نہیں کر پا رہا۔ ان کے مطابق تمام سیاسی فریقوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس اہم مسئلے پر توجہ دیں اور یہ سوچیں کہ مشکل حالات میں عوام پر پڑنے والا معاشی بوجھ کیسے کم کیا جا سکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ملک کے نظام کو اس قابل بنایا جانا چاہیے کہ وہ موجودہ حالات کا مؤثر انداز میں مقابلہ کر سکے۔
تحریک انصاف ’ایک سیاسی حقیقت‘
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اگرچہ عمران خان سزا یافتہ ہیں اور جیل میں ہیں، تاہم پاکستان تحریک انصاف ’ایک سیاسی حقیقت ہے۔‘ ان کا کہنا تھا کہ ملک کے سیاسی مسائل کے حل کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنا ہو گا اور ان کے ساتھ رابطہ و مشاورت ضروری ہے۔
مولانا فضل الرحمٰن کی نظربندی کا الزام
چیئرمین پیپلز پارٹی نے الزام لگایا کہ مولانا فضل الرحمٰن کو گھر میں نظر بند کیا گیا تھا اور انھوں نے اس اقدام کی مذمت کی۔ واضح رہے کہ منگل (24 نومبر) کو جمعیت علمائے اسلام (ف) نے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کو لاہور میں ان کی رہائش گاہ پر حبسِ بے جا میں رکھا گیا ہے۔ جبکہ آج لاہور پولیس نے عدالت میں جمع کرائے گئے جواب میں کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کی نقل و حرکت پر کوئی پابندی نہیں اور ان کے خلاف کسی قسم کی قانونی کارروائی زیرِ غور نہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ اگر مولانا فضل الرحمٰن کے خلاف اس نوعیت کی کارروائیاں کی جائیں تو حکومت کو یہ توقع نہیں رکھنی چاہیے کہ وہ اس کی تعریف کریں گے۔ ان کے بقول اپوزیشن میں بیٹھے ایک سیاستدان کے طور پر فضل الرحمٰن کی ذمہ داری ہے کہ وہ حکومت پر تنقید کریں اور وہ اپنا سیاسی کردار ادا کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ حکومت کو تنقید برداشت کرنے کا حوصلہ رکھنا چاہیے اور اگر اپوزیشن کی جانب سے کوئی ایسی تجویز دی جائے جس سے فیصلوں میں بہتری آ سکتی ہو تو اس پر غور کیا جانا چاہیے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ وہ جلد مولانا فضل الرحمٰن سے ملاقات کی کوشش کریں گے۔
محسن نقوی کے بارے میں ریمارکس
وزیر داخلہ محسن نقوی کا نام لیے بغیر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اس بات سے کوئی انکار نہیں کر سکتا کہ شاید وزیرِ اعظم شہباز شریف کے بعد سب سے محنتی وزیر وہی ہیں۔ ان کے مطابق چاہے ایران کے ساتھ امن قائم کرنا ہو، دہشت گردی کا مقابلہ کرنا ہو، یا صوبے بنانے ہوں، وہ بڑی بڑی ذمہ داریاں اٹھاتے ہیں۔










