ننکانہ صاحب (پنجاب پوسٹ) ننکانہ صاحب میں بابا گورو نانک کے 557ویں جنم دن کی تقریبات کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ نے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر رعنا حمید کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے مطابق تقریبات کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، جبکہ اندرون ملک سے سکھ یاتری کل سے ننکانہ صاحب پہنچنا شروع ہو جائیں گے۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق مجموعی طور پر اندرون اور بیرون ملک سے 25 ہزار سے زائد سکھ یاتریوں کی آمد متوقع ہے، جبکہ سندھ سے 2 ہزار سکھ یاتری دو ٹرینوں کے ذریعے کل ننکانہ صاحب پہنچیں گے۔ بھارت سے بھی 3 ہزار 91 سکھ یاتریوں کی آمد متوقع ہے۔ یاتریوں کو شٹل سروس کے ذریعے گوردوارہ صاحب پہنچایا جائے گا۔

رعنا حمید کا کہنا تھا کہ سکیورٹی کے لیے پولیس کے 2 ہزار 500 سے زائد افسران اور اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ یاتریوں کی سہولت کے لیے کرنسی ایکسچینج کی غرض سے نیشنل بینک اور بینک آف پنجاب کے کاؤنٹرز قائم کر دیے گئے ہیں، جبکہ انہیں قریبی رہائش گاہوں کی فراہمی کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق صفائی کے انتظامات کے لیے ستھرا پنجاب کے اضافی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ گوردوارہ اور ملحقہ سڑکوں پر لائٹنگ اور پیچ ورک کا کام بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔










