لاہور (پنجاب پوسٹ) صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت پنجاب اوقاف بورڈ کا اجلاس پیسک ہاؤس میں منعقد ہوا، جس میں 8 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔ بورڈ نے داتا دربار توسیعی منصوبے کے 236 مجاورین/متاثرین کو ادائیگیوں کی منظوری دی، وقف پراپرٹیز رولز 2002 اور کمرشل پالیسی 2023 میں ترامیم کی اصولی منظوری دی، جبکہ جنوری سے نومبر 2026 کے دوران 6 بڑے مزارات کی آمدن میں 4 کروڑ 80 لاکھ روپے کا اضافہ ہوا۔
اجلاس میں سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ نے ایجنڈا آئٹمز پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بورڈ نے محکمہ اوقاف کو کرپشن سے پاک کرنے، اصلاحات اور درباروں پر رکھے کیش باکسز کی آمدن میں کئی گنا اضافے پر ڈاکٹر احسان بھٹہ اور ان کی ٹیم کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
بورڈ نے داتا دربار توسیعی منصوبے کے 236 مجاورین/متاثرین کو صوبائی کابینہ کے فیصلے کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ کے ذریعے ادائیگیوں کی منظوری دی۔ اجلاس نے پنجاب اوقاف وقف پراپرٹیز رولز 2002 اور کمرشل پالیسی 2023 میں ترامیم کی اصولی منظوری دی۔ لا ڈیپارٹمنٹ کے جائزے کے بعد ترامیم کے مسودے کی حتمی منظوری پنجاب کابینہ سے لی جائے گی۔
اجلاس میں دہلی مسلم ہوٹل انارکلی لاہور کے حوالے سے عدالت عالیہ کے آرڈرز پر عملدرآمد کی اصولی منظوری بھی دی گئی۔تربیت کے حوالے سے بورڈ نے محکمہ اوقاف کے زونل ایڈمنسٹریٹرز، مینیجرز، آڈٹ آفیسرز اور اکاؤنٹنٹس کے لیے 5 روزہ شارٹ تربیتی کورسز اور شعبہ مذہبی امور کے ملازمین کے لیے 15 روزہ لازمی تربیتی کورسز کی منظوری دی۔
مختلف عدالتوں میں زیر التواء کیسز کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانے کے لیے پنجاب اوقاف آرگنائزیشن میں ڈائریکٹر لا کی آسامی بحال کرنے کی منظوری دی گئی۔ بورڈ نے کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں ایم ایس داتا دربار ہسپتال کو بعض مالیاتی اختیارات تفویض کرنے اور بعض دیگر مالیاتی و انتظامی معاملات کی بھی منظوری دی۔
صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے کہا کہ محکمہ اوقاف میں کرپٹ عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیوں کی بدولت درباروں پر رکھے کیش باکسز کی آمدن میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیکرٹری اوقاف نے کرپشن کے خاتمے اور ادارے کی آمدن بڑھانے کے لیے نتیجہ خیز اقدامات کیے ہیں، محکمے میں کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ العمل ہے اور محکمے کو ہر قسم کی کرپشن سے پاک کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ملازمین کی استعداد کار بڑھانے کے لیے تربیت ناگزیر ہے، تربیتی پروگرامز کو مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جائے اور مطلوبہ نتائج کے حصول کے لیے فالو اپ لازم ہے۔
صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ محکمہ اوقاف کی زرعی زمینوں کے بھرپور استعمال کے لیے منصوبہ بندی کا عمل جلد مکمل کیا جائے۔ انہوں نے اوقاف کی زمینوں پر سویا بین کی کاشت کو فروغ دینے کا پلان بھی طلب کر لیا۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ جنوری سے نومبر 2026 کے دوران محکمہ اوقاف کے زیر اہتمام 6 بڑے مزارات کی آمدن میں 4 کروڑ 80 لاکھ روپے کا اضافہ ہوا۔ مذکورہ عرصے میں داتا دربار، فرید الدین گنج شکر، بی بی پاکدامن، بی بی پاکدامن ذری، بابا بھلے شاہ اور دربار شاہ دولہ گجرات کی مجموعی آمدن 16 کروڑ 67 لاکھ روپے سے بڑھ کر 21 کروڑ 48 لاکھ روپے رہی۔اجلاس میں سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ، ڈی جی مذہبی امور اور بورڈ کے ممبران نے شرکت کی۔










