لاہور (پنجاب پوسٹ)پنجاب ریونیو اتھارٹی (پی آر اے) نے صوبے میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام میں رکاوٹ ڈالنے والے ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ ترجمان پی آر اے کے مطابق صارفین کو کیش ادائیگی پر مجبور کرنے والے کاروبار اتھارٹی کے ریڈار پر ہوں گے۔ یہ فیصلہ چیئرمین پی آر اے معظم اقبال سپرا کی زیر صدارت ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ سے متعلق اجلاس میں کیا گیا۔
غیر رجسٹرڈ پی او ایس اور غیر مجاز اکاؤنٹس پر جرمانے
ترجمان نے بتایا کہ غیر رجسٹرڈ پی او ایس سسٹم استعمال کرنے والوں اور غیر مجاز اکاؤنٹس میں رقوم وصول کرنے والوں کو بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے۔
ترجمان کے مطابق ٹیکس میں خردبرد اور ادائیگیوں کے ریکارڈ میں جعلسازی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں:پنجاب حکومت اگلے دو برس میں 15 اضلاع میں 2 ہزار 236 کلومیٹر سیوریج لائنز تعمیر کرے گی
ویجلینس ونگ کو ہدایات
اجلاس میں ویجلینس ونگ کو مختلف اضلاع میں کاروباری رسیدوں اور ادائیگیوں کے ریکارڈ کی تصدیق کی ہدایت کی گئی۔
ترجمان کے مطابق صارفین کو ڈیجیٹل ادائیگی سے انکار کرنے والے اور کیو آر کوڈ فراہم نہ کرنے والے کاروباروں کا ریکارڈ مرتب کیا جائے گا۔
ڈیجیٹل نظام کی دستیابی اور جعلی رسیدوں پر نظر
ترجمان نے کہا کہ صوبہ بھر میں ہوٹلز اور ریسٹورنٹس میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کی دستیابی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ کاروباروں کی جانب سے جعلی رسیدیں جاری کرنے اور ٹیکس ریکارڈ چھپانے کی کوششوں پر کڑی نظر رکھی جائے گی۔













