چھوٹے صوبے بنانا مثبت قدم، مگر بنیادی اصلاحات کے بغیر بے فائدہ ہوگا: خواجہ سعد رفیق

لاہور(پنجاب پوسٹ)مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ موجودہ گلے سڑے اور بدبودار نظامِ حکمرانی کو محض چھوٹے صوبے بنا کر درست کرنے کی سوچ ناقابلِ فہم ہے۔ ان کے مطابق چھوٹے صوبے بنانا بذاتِ خود ایک مثبت عمل ہے، لیکن پیشگی بنیادی اصلاحات کے بغیر اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغامات کی سیریز میں انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے شفاف نمائندہ جمہوریت کے تقاضے پورے کیے جائیں، سیاست میں غیر جمہوری مداخلت اور پیسے والوں کی حکمرانی ختم کی جائے، تعلیم یافتہ مڈل کلاس کے لیے سیاست میں آنے کا راستہ بنایا جائے اور سول سروس و عدالتی اصلاحات کی جائیں۔

WhatsApp Image 2026 11 20 at 4.57.55 PM

انہوں نے زور دیا کہ سیاسی سلطنتوں کا خاتمہ ہونا چاہیے، مگر ایسا نہ ہو کہ چھوٹی بادشاہتیں قائم کر دی جائیں اور ان پر شہنشاہ ایک ہی رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس طرح ملک چلے گا نہ آگے بڑھے گا، اس لیے عجلت سے گریز مناسب ہوگا۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ملک میں جاری شدید سیاسی تناؤ، دہشت گردی، انتہا کی غربت، مفلوج نظامِ عدل، متنازع پارلیمنٹ اور غیر سیاسی مداخلت کی موجودگی میں ممکن ہے کہ چھوٹے صوبے بنا لیے جائیں، لیکن یہ نظام ناپائیدار ہوگا اور نئی پیچیدگیاں لائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا سب سے بڑا مسئلہ بھوک، غربت، ناانصافی، دہشت گردی، بنیادی حقوق کی پامالی، سیاسی انتقام اور غیر آئینی عوامل کا خاتمہ ہے۔ ان کے بقول ملک چلانا ہے تو پہلے قوم کو ان مصائب سے نجات دلائی جائے۔

سابق وفاقی وزیر نے مطالبہ کیا کہ جلد بازی سے کام لے کر چھوٹے صوبے بنانے کے ترقی پسند اقدام کو متنازع نہ بنایا جائے۔ پیغام کے اختتام پر انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا کوئی قائل کرنے والا یا قائل ہونے والا موجود ہے یا نہیں۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے