پنجاب میں کھیلوں کے فروغ کے لیے بڑے فیصلے، 50 ہزار کھلاڑیوں پر مشتمل میراتھن اور ٹور ڈی پنجاب سائیکل ریس کرانے کا اعلان، یوتھ گیمز 2026-27 کی بھی منظوری

لاہور(پنجاب پوسٹ) صوبائی وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکھر کی زیر صدارت سپورٹس بورڈ پنجاب کے جنرل باڈی اجلاس میں کھیلوں کے فروغ، ملازمین کی فلاح و بہبود اور اسپورٹس انفراسٹرکچر کی بہتری کے حوالے سے اہم فیصلوں کی منظوری دے دی گئی۔ صوبائی وزیر کھیل نے ملک کی سب سے بڑی میراتھن منعقد کرانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میراتھن میں 50 ہزار سے زائد کھلاڑی شرکت کریں گے، جبکہ ٹور ڈی پنجاب سائیکل ریس بھی بڑے پیمانے پر منعقد کی جائے گی۔

اجلاس میں ایم این اے شمائلہ رانا، ایم پی اے محمد اجمل خان چانڈیہ، وائس چیئرمین سپورٹس بورڈ پنجاب سلمان سلیم، سیکرٹری سپورٹس ڈاکٹر آصف طفیل، ڈی جی سپورٹس محمد طارق قریشی، سی ای او پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن ادریس حیدر خواجہ، ڈائریکٹر ایڈمن عابد شوکت اور ڈپٹی ڈائریکٹر ظہور احمد نے شرکت کی۔

WhatsApp Image 2026 11 20 at 4.33.11 PM 1

فیصل ایوب کھوکھر کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے یوتھ گیمز 2026-27 کی منظوری دے دی ہے۔ یوتھ گیمز کے ذریعے 100 بہترین کھلاڑیوں کو اولمپکس کی تیاری کروائی جائے گی، جبکہ ان مقابلوں میں گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں نئے ریکارڈ قائم کرنے کے مواقع بھی پیدا کیے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ پہلی مرتبہ سپورٹس بورڈ پنجاب کی گریڈ ٹو کرکٹ ٹیم بھی تشکیل دی گئی ہے، جبکہ پنجاب بھر کے اسپورٹس کمپلیکسز کی پارکنگ کو سولرائزڈ کیا جا رہا ہے۔

WhatsApp Image 2026 11 20 at 4.33.10 PM 2

اجلاس میں سپورٹس بورڈ پنجاب میڈیکل سنٹر کو فعال کرنے کی منظوری دی گئی، جبکہ مرحوم کنٹریکٹ ملازم محمد ایوب یعقوب کے اہل خانہ کے لیے 20 لاکھ روپے مالی امداد منظور کی گئی۔ کنٹریکٹ ملازمین کی بنیادی تنخواہوں میں 15 فیصد اضافے اور ملازمین کے لیے 20 فیصد ڈسپیریٹی الاؤنس کی بھی منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ کرکٹ گراؤنڈز اور وکٹوں کے استعمال کی فیسوں پر نظرثانی کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں لاہور قلندرز، ورجل اسپورٹس اور وائی ایس ایل کے ساتھ لیٹر آف کوآپریشن (LOC) کی منظوری بھی دی گئی۔ نیازی چوک (گاؤ شالہ) لاہور کے قریب واقع رکھ شاہدرہ کرکٹ گراؤنڈ میں فلڈ لائٹس کی تنصیب کی منظوری دی گئی، جبکہ مختلف کھیلوں کی اہم شخصیات اور شہداء کے ناموں سے کھیلوں کے مراکز منسوب کرنے کے فیصلے بھی کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان ایشیا کپ بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کا نیا چیمپئن بن گیا، بارش کے باعث فائنل نہ ہو سکا

منظور شدہ ناموں کے مطابق جہلم میں اسپورٹس جمنازیم کو مریم نواز شریف اسپورٹس جمنازیم، بھوربن کرکٹ اسٹیڈیم کو لیفٹیننٹ طحہٰ شہید کرکٹ اسٹیڈیم اور راولپنڈی میں ملٹی پرپز اسپورٹس کمپلیکس کو بیگم نجمہ حمید کے نام سے منسوب کرنے کی منظوری دی گئی۔ اسپورٹس اسٹیڈیم چکوال کو پاکستان کے پہلے ایتھلیٹکس گولڈ میڈلسٹ عبد الخالق کے نام سے منسوب کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے