لاہور(پنجاب پوسٹ)صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے چین کی مکینیکل اینٹوں کی مشینری بنانے والی کمپنی کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں اینٹوں کے بھٹوں کی زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقلی اور مشینری کے ذریعے اینٹوں کی مینوفیکچرنگ کے امور پر بات چیت کی گئی۔
وفد کی قیادت کمپنی کے چیئرمین مسٹر ذانگ جیا گیانگ (Zhang Jiaxiang) کر رہے تھے۔ برک کلن اونرز ایسوسی ایشن پاکستان کے صدر محمد اسلام، سینئر نائب صدر ناصر اقبال، ممبر ٹیکنیکل ٹیم رانا علی اسد اور دیگر بھٹہ مالکان بھی ملاقات میں موجود تھے۔ پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عمران ہاشمی بھی شریک تھے۔ ملاقات پیسک ہاؤس ڈیوس روڈ پر ہوئی۔
چوہدری شافع حسین نے کہا کہ نئی نسل کو آلودگی سے پاک ماحول فراہم کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور ماحول کو آلودگی سے پاک کرنے کے لیے اینٹوں کے بھٹوں کی زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقلی ناگزیر ہے۔ ان کے مطابق پنجاب حکومت اینٹوں کے بھٹوں سے چائلڈ لیبر کے مکمل خاتمے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، جبکہ بھٹوں پر کام کرنے والے بچوں کو ٹیکنیکل ایجوکیشن سے آراستہ کر کے ہنرمند بنانے کے پروگرام پر عمل کیا جا رہا ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ اینٹوں کی مکینیکل مینوفیکچرنگ کے لیے مشینری کی خریداری میں پنجاب بینک معاونت کر سکتا ہے۔ انہوں نے چینی گروپ کو پیشکش کی کہ وہ پنجاب میں مکینیکل اینٹیں بنانے والی مشینری کی مینوفیکچرنگ کا کارخانہ لگائے، اسے ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔
صدر برک کلن اونرز ایسوسی ایشن محمد اسلام نے بتایا کہ پنجاب میں 30 سے 40 فیصد اینٹوں کے بھٹے زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل ہو چکے ہیں اور باقی بھٹوں کو بھی منتقل کیا جائے گا۔ ان کے مطابق ہاتھوں سے اینٹیں بنانے کے عمل کو مشینری سے اینٹوں کی تیاری میں بدلنا چاہتے ہیں اور اس کے لیے پنجاب حکومت سپورٹ فراہم کرے۔
چینی وفد کے سربراہ نے کہا کہ وہ پنجاب میں مشینری کے ذریعے اینٹوں کی مینوفیکچرنگ کے فروغ کے لیے پنجاب حکومت کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں مکینیکل اینٹیں بنانے والی مشینری کا کارخانہ لگانے کے امکان کا جائزہ لیا جائے گا۔












