گجرانوالہ (پنجاب پوسٹ) سینئر وزیر مریم اورنگزیب کی زیر قیادت جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔ پنجاب بھر میں غیر قانونی شکار اور جنگلی جانوروں کے غیر قانونی قبضے کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 14 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
گوجرانوالہ سے بندر ریسکیو
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی شکایت پر گوجرانوالہ سے زیرِ عتاب بندر کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا۔ ریسکیو کیے گئے بندر کو وائلڈ لائف پارک جوہرآباد منتقل کرنے کا عدالتی حکم جاری کر دیا گیا۔
کارروائیوں کے دوران ملزمان کے قبضے سے 6 بدیسی پرندے، ایک زندہ کُکو اور 25 ذبح شدہ پرندے برآمد کیے گئے۔ اس کے علاوہ ایک بندوق، 2 پی سی پی گنز، کارتوس اور 3 نیٹنگ گیئرز بھی ضبط کر لیے گئے۔
سیہہ کے غیر قانونی شکار پر گرفتاریاں
جنگلی جانور سیہہ کو مارنے کی ویڈیو سامنے آنے پر راجن پور سے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ جبکہ کتوں کے ساتھ جنگلی جانوروں کے غیر قانونی شکار میں ملوث ایک ملزم کو شیخوپورہ سے گرفتار کیا گیا۔
بھکر میں بٹیر کے غیر قانونی شکار میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ کارروائی کے دوران 3 نیٹنگ گیئرز بھی ضبط کیے گئے۔
ملزمان کو جرمانے اور مقدمات
غیر قانونی شکار اور جنگلی جانوروں کے قبضے پر 6 ملزمان کو مجموعی طور پر ایک لاکھ 92 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔ جبکہ وائلڈ لائف ایکٹ کی خلاف ورزی پر 9 ملزمان کے خلاف مختلف تھانوں میں ایف آئی آرز درج کر لی گئیں۔










