لاہور(پنجاب پوسٹ)پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے خواتین کے تحفظ کے لیے جدید ڈیجیٹل سہولت متعارف کرائی ہے، جس کے تحت اب خواتین کو ہنگامی صورتحال میں پولیس سے مدد کے لیے موبائل پر کال ملانے کی بھی ضرورت نہیں ہوگی۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت ویمن سیفٹی ایپ کے ذریعے خواتین کو فوری مدد فراہم کی جائے گی اور وہ صرف موبائل فون ہلا کر پولیس سے مدد حاصل کر سکیں گی۔
ویمن سیفٹی ایپ کے فون شیک فیچر سے ہنگامی صورتحال میں ایس او ایس الرٹ جاری کیا جا سکے گا۔ یہ فیچر ایسی صورتحال میں خصوصی طور پر مددگار ہے جہاں موبائل پر کال کرنا ممکن نہ ہو۔موبائل فون ہلانے پر ایس او ایس الرٹ ظاہر ہوگا اور تصدیق کے بعد سیف سٹی کنٹرول روم کو فوری اطلاع موصول ہوگی۔ الرٹ موصول ہوتے ہی کنٹرول روم متعلقہ پولیس کو فوری کارروائی کے لیے متحرک کرے گا۔
ایپ کے ذریعے خواتین لائیو چیٹ اور ویڈیو کال پر بھی پولیس سے رابطہ کر سکتی ہیں۔ کنیکٹ ٹو سیف سٹی فیچر کے ذریعے وہ موبائل کیمرے سے صورتحال براہ راست کنٹرول روم کو دکھا سکتی ہیں۔ اس کے علاوہ ایپ میں رائیڈ شیئرنگ، لوکیشن ریویو اور قانونی رہنمائی سمیت متعدد سہولیات بھی دستیاب ہیں۔
ترجمان سیف سٹیز کے مطابق پنجاب پولیس ویمن سیفٹی ایپ کو اب تک 5 لاکھ 67 ہزار سے زائد شہری ڈاؤن لوڈ کر چکے ہیں۔ یہ ایپ اینڈرائیڈ اور آئی او ایس دونوں پلیٹ فارمز پر دستیاب ہے۔ترجمان نے کہا کہ خواتین کا تحفظ اور انہیں محفوظ ماحول فراہم کرنا پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی اولین ترجیح ہے۔











