لاہور(پنجاب پوسٹ) ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے لاہور زون عاطف امیر کی ہدایات پر سائبر جرائم کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن کیا گیا ہے۔ لاہور، ملتان اور گوجرانوالہ میں کی جانے والی مختلف کارروائیوں کے دوران 13 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جن میں 6 خواتین اور 7 مرد شامل ہیں۔ ان کارروائیوں میں دو غیر قانونی انٹرنیشنل کال سینٹرز بے نقاب کیے گئے، جبکہ آن لائن فراڈ اور بچوں کے جنسی استحصال میں ملوث نیٹ ورکس کو بھی پکڑا گیا۔
ماڈل ٹاؤن لنک روڈ پر چھاپے کے دوران برطانوی ٹیلی کام کمپنیوں کے نام پر جعلی پیکجز فروخت کرنے والے کال سینٹر کا سراغ لگایا گیا۔ کارروائی میں 6 خواتین سمیت 8 ملزمان کو گرفتار کر کے لیپ ٹاپ اور سی پی یوز برآمد کر لیے گئے۔اسی طرح پارک ویو براڈوے کمرشل پلازہ میں قائم ایک اور غیر قانونی کال سینٹر پر چھاپہ مار کر 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ملزمان ڈائلر سافٹ ویئر کے ذریعے برطانوی شہریوں کو کال کر کے ان سے مالی فراڈ کرتے تھے۔
بچوں کے آن لائن استحصال کے خلاف کارروائیوں میں جوہر ٹاؤن لاہور سے محمد ہاشم طاہر کو گرفتار کیا گیا۔ ملزم پر الزام ہے کہ اس نے امریکہ میں مقیم 9 سالہ بچی کو آن لائن جنسی استحصال کا نشانہ بنایا اور اسے دھمکیاں بھی دیں۔ملتان میں کارروائی کے دوران ایک ایسے ملزم کو گرفتار کیا گیا جو کمسن بچی کو ہراساں کرتا اور واٹس ایپ پر قابل اعتراض تصاویر شیئر کرتا تھا۔ یہ کارروائی شواہد کی بنیاد پر عمل میں لائی گئی۔
گوجرانوالہ ٹیم نے ضلع شیخوپورہ کے علاقے جابران میں کارروائی کرتے ہوئے ساون محمود کو گرفتار کیا۔ ملزم پر الزام ہے کہ وہ بچی کی تصاویر کو قابل اعتراض مواد میں تبدیل کر کے اسے بلیک میل کر رہا تھا۔ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے لاہور زون عاطف امیر نے عزم ظاہر کیا ہے کہ بین الاقوامی سائبر فراڈ نیٹ ورکس اور بچوں کے استحصال میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔










