مریم نواز کا عورتوں اور بچوں سے زیادتی پر موثر قانونی کارروائی کیلئے نیا اینٹی ریپ قانون لانے کا فیصلہ ، نئے قانون میں کیا کیا ہوگا ؟

لاہور(پنجاب پوسٹ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے خواتین اور بچوں سے زیادتی کے واقعات پر مؤثر اور یقینی کارروائی کے لیے نیا اینٹی ریپ ایکٹ لانے کا حکم دے دیا ہے۔ نئے قانون کے تحت خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم کے مقدمات کی فوری سماعت کے لیے سپیڈی کورٹس قائم کی جائیں گی، مقدمات کا فیصلہ مقررہ مدت میں کرنا لازمی ہوگا، تفتیش اور پراسیکیوشن کا معیار بہتر بنانے کے لیے اے آئی سے مدد لی جائے گی، جبکہ آڈیو ویڈیو شہادتوں کی مؤثر ریکارڈنگ بھی یقینی بنائی جائے گی۔

وزیراعلیٰ نے یہ فیصلے "محفوظ ترین پنجاب” کے وژن کے تحت خواتین اور بچوں کے تحفظ سے متعلق اپنی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں کیے۔ اجلاس میں آئی جی پولیس سمیت اعلیٰ حکام شریک ہوئے اور خواتین و بچوں کے خلاف جرائم کی روک تھام کے لیے حکومتی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں مریم نواز شریف نے خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم میں سزا کی شرح پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے بچوں اور خواتین کے خلاف جرائم کے مقدمات کی فوری سماعت کے لیے سپیڈی کورٹس قائم کرنے کا فیصلہ کیا اور ہدایت کی کہ ایسے مقدمات کے فیصلے مقررہ مدت میں ہونے چاہییں۔

وزیراعلیٰ نے مؤثر انویسٹی گیشن کے لیے پولیس افسروں کی کیپسٹی بلڈنگ کی ہدایت کی۔ اجلاس میں کوالٹی آف انویسٹی گیشن اور پراسیکیوشن میں بہتری کے لیے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی معاونت لینے پر اتفاق کیا گیا۔ بچوں اور خواتین کے کیسز میں آڈیو ویڈیو شہادتوں کی مؤثر ریکارڈنگ کا فیصلہ بھی کیا گیا، جبکہ زیادتی کے واقعات کے پیشگی سدباب کے لیے بھی اقدامات کا حکم دیا گیا۔

آئی جی پولیس نے اجلاس میں خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم اور حکومتی اقدامات پر تفصیلی رپورٹ پیش کی۔ بریفنگ کے مطابق صوبہ بھر میں وویمن ہیلپ ڈیسک، ورچوئل وویمن پولیس اسٹیشن، ورچوئل چائلڈ سیفٹی سنٹر اور موبائل پولیس اسٹیشن کام کر رہے ہیں۔

پولیس اسٹیشنوں پر خواتین سے متعلق 1.24 ملین شکایات درج کی گئیں، جبکہ وویمن ورچوئل پولیس اسٹیشن پر تقریباً سوا لاکھ شکایات درج ہوئیں، جن میں سے 92 فیصد پر کارروائی مکمل کر لی گئی۔ ورچوئل سنٹر برائے چائلڈ سیفٹی پر درج شکایات پر 70 ہزار گمشدہ یا اغوا شدہ بچے برآمد کیے گئے اور 4 ہزار اسپیشل بچوں کو واپس گھروں تک پہنچایا گیا۔ بچوں سے زیادتی کے 7588 کیسز حل کیے جا چکے ہیں۔

1-بریفنگ میں انکشاف کیا گیا کہ بچوں اور خواتین سے زیادتی کے 71 فیصد واقعات میں 2-قریبی لوگ ملوث پائے گئے۔
2-مریم نواز شریف: مؤثر قانون سازی کی جائے گی
3-وزیراعلیٰ نے کہا کہ خواتین اور بچوں کے خلاف زیادتی میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا دلانے کے لیے مؤثر قانون سازی کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین اور بچے معاشرے کا حساس طبقہ ہیں اور ان کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔

مریم نواز شریف نے زور دیا کہ ایسے واقعات کے سدباب کے لیے سماجی اور معاشرتی شعور و آگاہی ضروری ہے، جبکہ ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچانے کے لیے زیادتی کے واقعات کی رپورٹنگ ناگزیر ہے۔ ان کے مطابق سزا یقینی بنانے کے لیے سپیشلائزڈ انویسٹی گیشن بھی ضروری ہے۔

وزیراعلیٰ نے سرگودھا میں جرائم پیشہ افراد کے گینگ کے خاتمے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے آئی جی، آر پی او، ڈی پی او سرگودھا اور سی ٹی ڈی ٹیم کو شاباش دی۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے