لاہور(پنجاب پوسٹ) یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ایم ٹی) نے خیبر پختونخوا پولیس اہلکاروں اور پولیس شہداء کے بچوں کے لیے 5 کروڑ روپے کے اسکالرشپس فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یو ایم ٹی اور خیبر پختونخوا پولیس کے درمیان اس حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔

صدر یو ایم ٹی ابراہیم حسن مراد کی خصوصی دلچسپی سے کیے گئے اس اقدام کے تحت پولیس اہلکاروں اور شہداء کے بچوں کو پوسٹ گریجویٹ ڈگری پروگرامز میں اسکالرشپس دی جائیں گی۔ یو ایم ٹی اہل امیدواروں کو پوسٹ گریجویٹ تعلیم کے لیے ٹیوشن فیس میں 90 فیصد رعایت فراہم کرے گی۔
معاہدے کے تحت ایک ہزار پولیس اہلکاروں اور شہداء کے بچوں کو مفت ڈیجیٹل تربیت بھی دی جائے گی۔ امیدواروں کو یو ایم ٹی کے لائیو ایکس پلیٹ فارم کے ذریعے جدید ڈیجیٹل مہارتیں سکھائی جائیں گی۔

یو ایم ٹی اسکالرشپس اور ڈیجیٹل تربیت کے لیے امیدواروں کا انتخاب میرٹ پر کرے گی جبکہ دونوں ادارے اسکالرشپس کے لیے مشترکہ میرٹ پالیسی بھی وضع کریں گے۔
صدر یو ایم ٹی ابراہیم حسن مراد کا کہنا ہے کہ پولیس شہداء کے خاندانوں کی معاونت اور ان کے بچوں کے لیے تعلیم کے مواقع فراہم کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے بھی یو ایم ٹی کے اس اقدام کا خیرمقدم کیا ہے۔









