لاہور (پنجاب پوسٹ)بچوں کے عالمی دن کے موقع پر پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے بچوں کے تحفظ اور انصاف کی فراہمی میں اپنی نمایاں کامیابیوں کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت ورچوئل سینٹر فار چائلڈ سیفٹی بچوں کے تحفظ کے لیے سرگرم عمل ہے، جہاں اب تک بچوں اور دیگر متعلقہ افراد کے ایک لاکھ 95 ہزار 581 کیسز پر کارروائی کی جا چکی ہے۔
ترجمان سیف سٹیز کے مطابق ورچوئل سینٹر فار چائلڈ سیفٹی بچوں کے اغوا، گمشدگی، تشدد اور آن لائن استحصال کی شکایات پر فوری معاونت فراہم کر رہا ہے۔ مختلف نوعیت کی شکایات پر مجموعی طور پر 34 ہزار 772 ایف آئی آرز درج کی گئیں۔رجمان کے مطابق بچوں پر تشدد اور استحصال کے 20 ہزار 372 کیسز رپورٹ ہوئے، جن پر 7 ہزار 415 ایف آئی آرز درج کی گئیں اور 4 ہزار 908 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ اسی طرح بچوں کے آن لائن اور ڈیجیٹل استحصال کے 272 کیسز رپورٹ ہوئے، جن میں 17 ایف آئی آرز درج اور 7 ملزمان گرفتار کیے گئے۔
پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے "میرا پیارا” منصوبے نے WSIS Prizes 2026 میں عالمی چیمپیئن کا اعزاز حاصل کیا۔ سیف سٹی "میرا پیارا” کے ذریعے کئی سالوں سے بچھڑے بچوں کو تلاش کرکے ان کے والدین سے ملوایا گیا۔ترجمان سیف سٹیز نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ بچوں کی گمشدگی، تشدد یا کسی بھی خطرے کی صورت میں فوری طور پر 15 پر کال کرکے 3 دبائیں۔










