حافظ نعیم الرحمان: موجودہ نظام اللہ کے حکم کے خلاف ہے، اسے ختم ہونا چاہیے؛ 22 نومبر کو کوئٹہ اور 29 نومبر کو مینارِ پاکستان پر جلسے کا اعلان

لاہور(پنجاب پوسٹ) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ ملک میں رائج موجودہ نظام اللہ تعالیٰ کے احکامات کے خلاف ہے اور اسے ختم ہونا چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دین صرف چند بنیادی مسائل کا نام نہیں بلکہ مکمل عدل و انصاف کا نظام ہے، اور جس معاشرے میں انصاف نہ ہو اور فساد پھیلا ہو، اسے دینی نظام نہیں کہا جا سکتا۔ وہ جامع مسجد منصورہ لاہور میں اجتماعِ جمعہ سے خطاب کر رہے تھے۔

حافظ نعیم الرحمان نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا سمیت پورے ملک میں شدید مسائل موجود ہیں۔ کوئی صوبہ فنڈز کا رونا روتا ہے تو کوئی نئے صوبوں کے قیام کا مطالبہ کرتا ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ نظام عوام کو ان کے حقوق دینے میں ناکام ہو چکا ہے۔

انہوں نے بلوچستان کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہاں امن و امان کی صورتحال انتہائی خراب ہے، تاہم بدامنی کے باوجود جماعت اسلامی بلوچستان میں بھرپور انداز سے کام کر رہی ہے۔

غزہ کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اسرائیل نے غزہ میں ہزاروں معصوم بچوں کو شہید کر دیا ہے۔ ملکی معاملات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ نظام میں خواتین کو ہراساں کرنے کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔پٹرول کے معاملے پر حافظ نعیم الرحمان نے بتایا کہ جماعت اسلامی کی کمیٹی نے پٹرول پر ورکنگ کی تو کئی مقامات پر کرپشن کے انکشافات سامنے آئے۔

معیشت اور بینکاری نظام پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شرح سود 12 فیصد ہے لیکن کھاتہ داروں کو صرف 5.6 فیصد منافع دیا جاتا ہے۔ ان کے مطابق بینکوں میں تقریباً 40 فیصد رقم کرنٹ اکاؤنٹس میں ہے جس پر بینک کوئی سود ادا ہی نہیں کرتے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کسی کی بھی ہو، مافیاز کا کارٹیل ہمیشہ اس میں موجود ہوتا ہے۔
سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ بلاول بھٹو نے مل کر پی ٹی آئی حکومت گرائی تھی اور آج انہیں بہت فکر ہو رہی ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ خیبرپختونخوا میں گورنر پیپلز پارٹی ہی کا ہے، جہاں ایمرجنسی اور گورنر راج کی باتیں ہو رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سب آپس میں ملے ہوئے ہیں اور صرف اپنے ذاتی مفادات کا سوچتے ہیں۔

آخر میں انہوں نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی 22 نومبر کو کوئٹہ اور 29 نومبر کو مینارِ پاکستان لاہور پر بھرپور جلسے منعقد کرے گی۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے