لاہور(پنجاب پوسٹ) معروف گلوکارہ شازیہ منظور کی جائیداد پر مبینہ ناجائز تصرف کی کوشش کے الزام میں ملت پارک پولیس نے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق شازیہ منظور کی درخواست پر پولیس نے فوری مقدمہ درج کرکے نامزد ملزمان سہیل اور بینش کو حراست میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان پر گلوکارہ سے زبردستی کاغذات پر دستخط کروانے اور متنازعہ جائیداد پر پہنچ کر کرایہ داروں کو دھمکانے کا الزام ہے۔ واقعے میں وکیل کے نام سے پمفلٹس تقسیم کرنے کا معاملہ بھی سامنے آیا ہے، جس میں مبینہ جعلسازی کے پہلوؤں پر تحقیقات جاری ہیں۔
ترجمان کے مطابق ملزمان کے خلاف دھمکیاں دینے اور خواتین کو ہراساں کرنے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے جبکہ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کر لی گئی ہے۔ پولیس دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائی کر رہی ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا کہنا ہے کہ لاہور میں قبضہ مافیا کے لیے کوئی جگہ نہیں، شہریوں کو ہراساں اور دھمکانے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔












