لاہور(پنجاب پوسٹ) شہری سے ایک لاکھ روپے رشوت طلب کرنے کے الزام میں دو پولیس اہلکاروں کو گرفتار کرکے حوالات منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے کھلونا پستول کے سامان کو آتش بازی کا مواد قرار دے کر شہری کو مبینہ طور پر ہراساں کیا اور اس سے ایک لاکھ روپے رشوت طلب کی۔
گرفتار اہلکاروں کی شناخت خرم شہزاد اور راشد وسیم کے نام سے ہوئی ہے۔ خرم شہزاد پنجاب کانسٹیبلری جبکہ راشد وسیم چوکی راجہ مارکیٹ میں تعینات تھا۔ دونوں اہلکاروں کے خلاف تھانہ راوی روڈ میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا ہے کہ شہریوں کو اختیارات کے ناجائز استعمال اور دباؤ کا نشانہ نہیں بننے دیا جائے گا۔ اختیارات کا غلط استعمال کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی اور پولیس میں احتساب اور خود احتسابی کے عمل کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔












