لاہور(پنجاب پوسٹ)لاہور ہائیکورٹ نے خفیہ کیمروں والی عینکوں کی خرید و فروخت پر پابندی لگانے کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے آئندہ سماعت پر تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ عدالت نے کیس کی مزید کارروائی 8 دسمبر تک ملتوی کر دی۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے زین العابدین کی درخواست پر سماعت کی۔
سماعت کے دوران پنجاب حکومت کی جانب سے رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی، جس میں بتایا گیا کہ صوبائی حکومت نے کیمروں والی عینکوں کی خرید و فروخت پر پابندی عائد کر دی ہے۔ پنجاب حکومت کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ یہ پابندی 26 اکتوبر کو پورے صوبے میں نافذ کی گئی تھی۔
وفاقی حکومت کی جانب سے ڈپٹی اٹارنی جنرل رفاقت ڈوگر عدالت میں پیش ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے 13 نومبر کو اکنامک کوآرڈینیشن کمیٹی کی جانب سے بھیجی گئی تجاویز کو منظور کر لیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت نے 25 نومبر تک تمام صوبائی حکومتوں سے ریگولیٹری فریم ورک طلب کر لیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:منشیات کیس میں پہلا فیصلہ: 20 کلو سے زائد ہیروئن برآمدگی پر ذاکر اللہ کو عمر قید کی سزا
درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ مارکیٹ میں بڑی دکانوں اور سپر اسٹورز پر کیمرے والی عینکیں کھلے عام فروخت ہو رہی ہیں۔ ان کے مطابق ان عینکوں کے ذریعے ہر قسم کی خفیہ ریکارڈنگ ممکن ہے، جس سے شہریوں کی پرائیویسی کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔ وکیل نے یہ بھی کہا کہ ان عینکوں کی فروخت کے لیے کسی سرکاری ادارے سے منظوری نہیں لی گئی۔
درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ کیمرے والی عینکوں پر مکمل پابندی عائد کرنے کا حکم جاری کیا جائے۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد وفاقی حکومت کو تفصیلی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔











