لاہور(پنجاب پوسٹ)لاہور کی سیشن کورٹ نے سی این ایف (این سی ایس) ڈپارٹمنٹ کے منشیات کیس کا پہلا فیصلہ سناتے ہوئے ملزم ذاکر اللہ کو 20 کلو سے زائد ہیروئن برآمد ہونے پر عمر قید کی سزا سنا دی۔ عدالت نے سرکاری گواہان کی گواہی اور پیش کیے گئے ٹھوس شواہد کی روشنی میں یہ فیصلہ جاری کیا۔
منشیات کورٹ کے ایڈیشنل سیشن جج غلام مصطفیٰ چوہدری نے ملزم کو سزا کا حکم سنایا۔ عدالت نے ملزم سے 12 کلو سے زائد افیون برآمد ہونے پر بھی عمر قید کی سزا سنائی، جبکہ اسی جرم میں 10 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پولیس اسٹیشن این سی ایس لاہور ڈویژن نے 2025 میں ملزم کے خلاف منشیات کا مقدمہ درج کیا تھا۔ ملزمان کے قبضے سے مجموعی طور پر 32 کلو سے زائد منشیات برآمد ہوئی تھی۔
اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر محمد شبیر خان نے عدالت میں ملزم کے خلاف شہادتیں پیش کیں۔ ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر وقار عابد بھٹی کی نگرانی میں کیس کی تیاری مکمل کی گئی تھی۔ پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ ملزم کے خلاف تمام تر شواہد موجود ہیں، جنہیں عدالت نے تسلیم کرتے ہوئے سزا کا فیصلہ سنایا۔











