لاہور(پنجاب پوسٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے دیہی ترقی کے حوالے سے ایک بڑا فیصلہ کرتے ہوئے "وزیراعلیٰ پنجاب اپنا گاؤں پروگرام” شروع کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ اس پروگرام کے تحت پنجاب کے تمام دیہات کی ترقی کا اختیار گاؤں کے رہائشیوں کو دیا جائے گا، تاکہ وہ اپنی ضروریات کے مطابق خود ترقیاتی منصوبوں کا فیصلہ کر سکیں۔ یہ اقدام دیہات کے مکینوں کی زندگی بدلنے کے عزم کی عملی صورت قرار دیا جا رہا ہے۔
پروگرام کے تحت دیہات میں پکی گلیاں اور ڈرینج سسٹم تعمیر کیے جائیں گے، جبکہ گندے پانی کے نکاس کے لیے جوہڑ بنائے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے دیہات میں سولر سٹریٹ لائٹس لگانے کا بھی حکم دیا ہے۔ ان تمام ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کی تکمیل کوآپریٹو سوسائٹی ماڈل کے ذریعے کی جائے گی۔
پروگرام کے پہلے مرحلے میں 485 دیہات میں ترقیاتی کاموں کے لیے کوآپریٹو سوسائٹیاں قائم کی جائیں گی، جبکہ دوسرے مرحلے میں 1500 دیہات میں کوآپریٹو سوسائٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔ مریم نواز شریف نے پروگرام کے آغاز کے لیے 44 دن کی ڈیڈ لائن مقرر کر دی ہے۔
اس سلسلے میں 29 سال بعد پنجاب میں کوآپریٹو سوسائٹیوں پر عائد پابندی جزوی طور پر اٹھانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
کوآپریٹو سوسائٹیوں کی نگرانی کے لیے اسسٹنٹ کمشنر کی سربراہی میں پانچ رکنی تحصیل مانیٹرنگ کمیٹی قائم کی جائے گی، جس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ بھی شامل ہوں گے۔ اس کے علاوہ ہر کوآپریٹو سوسائٹی کی اپنی پانچ رکنی مینجمنٹ کمیٹی ہو گی، جس میں صدر، نائب صدر، جنرل سیکرٹری، خزانچی اور ایگزیکٹو ممبر شامل ہوں گے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ وہ ہر گاؤں کی ترقی گاؤں کے لوگوں کے ہاتھ میں دینا چاہتی ہیں۔ ان کے مطابق گاؤں کے لوگ کوآپریٹو سوسائٹی کے ذریعے ترقیاتی منصوبوں پر خود فیصلہ کر سکیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کوآپریٹو سوسائٹیوں کے ذریعے ترقی کے عمل کو پائیدار اور مؤثر بنانا چاہتی ہیں۔











