لاہور(پنجاب پوسٹ)لاہور ہائیکورٹ نے وفاقی وزیر داخلہ محسن رضا نقوی کی جانب سے 2018 میں سکیورٹی واپس لینے کے خلاف دائر کیس واپس لینے کی درخواست کے قابلِ سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔ چیف جسٹس عالیہ نیلم نے کیس بحالی اور واپسی کی درخواست پر سماعت کی۔
سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل بیرسٹر احتشام نے مؤقف اپنایا کہ سکیورٹی کی فراہمی سے متعلق دائر کیس واپس لینے کے لیے بائیو میٹرک کرائے بغیر درخواست دائر کی گئی تھی۔ بائیو میٹرک وکالت نامہ پیش نہ کرنے پر درخواست بوجہ عدم پیروی مسترد کر دی گئی تھی۔ انہوں نے استدعا کی کہ درخواست بحال کر کے کیس واپس لینے کی اجازت دی جائے۔
وزیر داخلہ کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اب درخواست گزار کو وزیر داخلہ کی حیثیت سے سکیورٹی مل چکی ہے، اس لیے کیس جاری رکھنے کی ضرورت نہیں۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ اس طرح درخواست بحال کر کے کیس واپس لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح اجازت دینے سے دیگر مقدمات میں مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔
درخواست میں وفاق، حکومتِ پنجاب اور آئی جی پنجاب پولیس کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست گزار کا مؤقف تھا کہ 2017 میں بطور صحافی ان پر حملہ ہوا تھا، جس کے بعد انہیں چار پولیس اہلکاروں پر مشتمل سکیورٹی دی گئی۔ 2018 میں سپریم کورٹ کے حکم پر درخواست گزار سمیت درجنوں افراد سے پولیس سکیورٹی واپس لے لی گئی۔ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی تھی کہ انہیں سکیورٹی فراہم کرنے کا حکم دیا جائے۔












