لاہور(پنجاب پوسٹ) شہر کی مختلف شاہراہوں پر نوجوانوں کی جانب سے ٹولیوں کی شکل میں ون ویلنگ کا سلسلہ جاری ہے، جس سے نہ صرف ان کی اپنی بلکہ دیگر شہریوں کی زندگیاں بھی خطرے میں پڑ گئی ہیں۔
موبائل فوٹیج میں ماڈل روڈ انڈر پاس اور 25 مال روڈ انڈر پاس پر رات گئے تقریباً 30 نوجوانوں کو موٹرسائیکلوں پر خطرناک کرتب دکھاتے دیکھا جا سکتا ہے۔ نوجوان انتہائی تیز رفتاری سے موٹرسائیکلیں چلاتے اور ون ویلنگ کرتے نظر آ رہے ہیں، جبکہ فوٹیج میں ایک نوجوان موٹرسائیکل سے گرتا بھی دکھائی دیتا ہے۔
نیو نیوز اور لاہور رنگ نے ون ویلنگ کرنے والے نوجوانوں کی موبائل فوٹیج حاصل کر لی۔ دوسری جانب سٹی ٹریفک پولیس اور متعلقہ تھانوں کی پولیس کو نوجوانوں کی ان سرگرمیوں کی کانوں کان خبر نہ ہو سکی۔ شہریوں کی جانوں کو لاحق خطرات کے پیش نظر ون ویلنگ کے خلاف مؤثر کارروائی کی ضرورت ہے۔










