لاہور (پنجاب پوسٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے برداشت اور رواداری کے فروغ کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ رواداری، احترام اور برداشت ایک کامیاب اور پرامن معاشرے کی بنیاد ہیں۔ پاکستان کو امن، رواداری اور بھائی چارے کی مثال بنانا ہوگا، جبکہ لوگوں کے درمیان باہمی افہام و تفہیم کے ذریعے برداشت اور رواداری کو فروغ دینا وقت کا تقاضا ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ بڑھتی ہوئی انتہا پسندی اور پرتشدد تنازعات کے اس دور میں رواداری اور برداشت کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔ معاشرے کو پُرامن رکھنے کے لیے ہمیں رواداری کی راہ اختیار کرنا ہوگی اور ایک دوسرے کو برداشت کرنے کا رویہ اپنانا ہوگا۔ تعلیمی اداروں کو بھی نوجوان نسل میں احترام، برداشت اور محبت کے اصولوں کو فروغ دینا چاہیے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ نبی پاک ﷺ کی زندگی رواداری اور بردباری کا بہترین نمونہ ہے، آپ ﷺ دشمنوں کے ساتھ بھی رواداری کا مظاہرہ فرماتے تھے۔ دین اسلام امن، محبت اور برداشت کا درس دیتا ہے، اس لیے ہمیں اپنی زندگیوں میں ان تعلیمات کو اپنانا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ منفی رویے نہ صرف خاندان بلکہ پورے معاشرے کو تباہی کی طرف لے جاتے ہیں۔ عدم برداشت کے رجحان کے خاتمے کے لیے مثبت سوچ اور بہترین طرزِ عمل اپنانا ہوگا۔ معاشرے کے ہر طبقے کو تحمل اور برداشت کے فروغ میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔
مریم نواز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج ہم برداشت اور رواداری کو فروغ دینے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔











