لاہور(پنجاب پوسٹ) پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی میرا پیارا ٹیم نے چار سال سے لاپتہ بچی ثناء کو اس کے اہلِ خانہ سے ملا دیا۔ ترجمان سیف سٹیز کے مطابق ثناء 2022 میں میاں چنوں سے لاپتہ ہوئی تھی، جسے بعد ازاں لاہور ایدھی ہوم منتقل کر دیا گیا تھا۔ خانہ بدوش خاندان سے تعلق رکھنے والی ثناء کو اپنے گھر اور اہلِ خانہ کے بارے میں مکمل معلومات نہیں تھیں۔
سیف سٹی میرا پیارا ٹیم نے لاہور ایدھی ہوم میں ثناء کا انٹرویو کیا اور اس کی فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر اہلِ خانہ کی تلاش شروع کی۔ ٹیم نے ٹوبہ ٹیک سنگھ کی مختلف خیمہ بستیوں میں تلاش کی، جہاں مقامی افراد سے معلوم ہوا کہ ثناء کا خاندان ایک سال قبل دوسری جگہ منتقل ہو چکا ہے۔ مسلسل کوششوں کے بعد ٹیم نے ثناء کی خالہ کو تلاش کرکے اہلِ خانہ تک رسائی حاصل کر لی۔
ضروری تصدیق اور ایدھی ہوم کے تعاون سے ثناء کو چار سال بعد بحفاظت اس کے خاندان سے ملا دیا گیا۔ ترجمان سیف سٹیز کا کہنا ہے کہ بچھڑے افراد کو اپنوں سے ملانا سیف سٹی میرا پیارا ٹیم کی اولین ترجیح ہے۔ شہری گمشدہ یا لاوارث افراد کی اطلاع دینے کے لیے ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر کال کرکے 3 دبائیں۔










