لاہور(پنجاب پوسٹ) محمد خضر افضال نے ڈائریکٹر جنرل پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب کے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق محمد خضر افضال پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے گریڈ 19 کے افسر ہیں۔ وہ اس سے قبل ڈی جی سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز پنجاب، ڈپٹی کمشنر ساہیوال اور لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
چارج سنبھالنے کے بعد ڈی جی پی ڈی ایم اے نے افسران کے ساتھ تعارفی اجلاس کیا، جس میں انہیں پنجاب حکومت کی پالیسی کے مطابق ہدایات جاری کی گئیں۔ محمد خضر افضال نے صوبائی کنٹرول روم کا دورہ بھی کیا، جہاں انہیں اسموگ کی موجودہ صورتحال اور فضائی آلودگی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ شہریوں کی سہولت اولین ترجیح ہے، سروس ڈلیوری پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ ٹیم ورک کے ذریعے تمام تر آفات کا مل کر مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق شہریوں کی سہولت کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے افسران کو وقت کی پابندی اور دفتری نظم و ضبط یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔











