لاہور(پنجاب پوسٹ)لاہور ہائیکورٹ نے یکطرفہ ڈگری سے متعلق ایک اہم فیصلہ جاری کرتے ہوئے دو کروڑ 74 لاکھ روپے کی یکطرفہ ڈگری کالعدم قرار دے دی ہے۔ عدالت نے قرار دیا کہ بھاری مالیت کے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کے لیے مناسب اور مؤثر مہلت دینا ضروری تھا، جبکہ کسی فریق کا حقِ دفاع مکمل طور پر ختم کرنے سے پہلے حالات اور دی گئی مہلت کا جائزہ لینا لازم ہے۔
جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے محمد عرفان کی درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کیا۔ عدالت نے درخواست گزار کا حقِ دفاع بحال کرتے ہوئے اسے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کا حکم دے دیا۔
فیصلے کے مطابق ماتحت عدالت نے دو کروڑ 74 لاکھ روپے مالیت کے برابر مچلکے جمع نہ کروانے پر درخواست گزار کا حقِ دفاع ختم کیا تھا، تاہم قرضے کی ادائیگی سے متعلق شواہد کا تفصیلی جائزہ نہیں لیا گیا۔
درخواست گزار کے مطابق 2024 میں محمد اکرم نے دو کروڑ 74 لاکھ روپے قرض لیا۔ ریکارڈ کے مطابق محمد اکرم نے 2025 میں قرضے کی ریکوری کے لیے سول کورٹ میں دعویٰ دائر کیا۔ بعد ازاں عرفان نے حقِ دفاع بحال کروانے کے لیے سیشن کورٹ سے رجوع کیا۔
سیشن کورٹ نے دو تاریخوں میں دو کروڑ 74 لاکھ روپے مالیت کے برابر مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا، مگر درخواست گزار مقررہ دنوں کے اندر مچلکے جمع نہ کروا سکا۔ اس پر ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت نے حقِ دفاع بحال کرنے کا حکم واپس لے کر حقِ دفاع ختم کر دیا۔
درخواست گزار نے مناسب وقت نہ دینے اور حقِ دفاع ختم کرنے کے اقدام کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا، جس پر عدالت نے یہ فیصلہ سنایا۔











