لاہور(پنجاب پوسٹ)آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی آڈٹ رپورٹ 2024-25 میں انکشاف ہوا ہے کہ پاکستان ریلوے کی 18 ایکڑ قیمتی اراضی، جو پانچ دہائیاں قبل ایک نجی ٹرسٹ ہسپتال کو دی گئی تھی، اس کے بدلے آج تک متبادل زمین فراہم نہیں کی جا سکی۔ موجودہ ڈی سی ریٹ کے مطابق اس اراضی کی مالیت 6 ارب 67 کروڑ روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ محکمہ ریلوے کو کرائے کی مد میں بھی بھاری نقصان کا سامنا ہے۔
آڈٹ رپورٹ کے مطابق شالیمار لنک روڈ پر واقع ریلوے کی 18 ایکڑ اراضی 25 اگست 1975 کو شالیمار بزنس مین ٹرسٹ ہسپتال کو فراہم کی گئی تھی۔ اس وقت حکومت پنجاب کی جانب سے وعدہ کیا گیا تھا کہ اس اراضی کے بدلے پاکستان ریلوے کو مساوی مالیت کی متبادل زمین دی جائے گی۔ تاہم پانچ دہائیاں گزر جانے کے باوجود یہ وعدہ پورا نہ ہو سکا۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان ریلوے کی کرایہ واپسی کے قوانین میں اہم تبدیلی، نیا ڈیجیٹل ریفنڈ نظام نافذ
رپورٹ میں اراضی کے کرائے کی مد میں پاکستان ریلوے کو 65 کروڑ روپے کے نقصان کا تخمینہ بھی لگایا گیا ہے۔ اربوں روپے مالیت کا یہ قومی اثاثہ طویل عرصے سے التوا کا شکار ہے، جس پر سوالات اٹھنے لگے ہیں کہ آخر متبادل زمین کیوں فراہم نہیں کی گئی۔
آڈٹ حکام نے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ 18 ایکڑ اراضی کے بدلے متبادل زمین کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ اگر متبادل زمین دینا ممکن نہ ہو تو پاکستان ریلوے کو موجودہ سرکاری مالیت کے مطابق معاوضہ ادا کیا جائے۔
اس کے علاوہ مالی نقصان کا تعین کرنے اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر ریلوے، چیئرمین ریلوے اور سی ای او سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ معاملے کا فوری نوٹس لیں اور قومی اثاثے کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کریں۔











