نئے صوبوں پر بحث فی الحال صرف پریس تک محدود، اصل مسئلہ تیسرے درجے کی حکومتوں کا قیام ہے: احسن اقبال

اسلام آباد(پنجاب پوسٹ)وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے حوالے سے بحث ابھی صرف پریس کی حد تک ہے۔ پنجاب پوسٹ سے خصوصی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ جب یہ معاملہ کابینہ کے سامنے آئے گا تو اس پر تبصرہ کیا جا سکے گا۔ ان کے مطابق پاکستان کے انتظامی ڈھانچے کو اپڈیٹ کرنا ناگزیر ہے اور اس سے کوئی انکار نہیں کر سکتا۔

احسن اقبال نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد صوبوں کو جو اختیارات دیے گئے، ان میں اب بھی کافی مرکزیت پائی جاتی ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ سب سے بڑی کمزوری یہ ہے کہ پاکستان میں تھرڈ ٹیئر، یعنی مقامی حکومتوں کا نظام قائم نہیں کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ملک کے ایک سو ساٹھ اضلاع میں بااختیار ضلعی حکومتیں موجود ہوتیں تو آج نئے صوبوں کی بحث چھڑتی ہی نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ نچلی سطح پر سماجی اشاریوں (سوشل انڈیکیٹرز) میں گزشتہ پندرہ برسوں کے دوران بہتری کی رفتار تیز ہونے کے بجائے سست پڑ گئی ہے۔ ان کے مطابق ترقی کے عمل اور سماجی شعبوں کی صحت کا انحصار ایسے انتظامی ڈھانچے پر ہے جو معیاری سروس ڈیلیوری کو یقینی بنائے۔

احسن اقبال نے زور دیا کہ جہاں اختیارات کی مرکزیت ہے، وہاں انہیں نچلی سطح تک منتقل (ڈی سینٹرلائز) کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں اختیارات کی تقسیم اور منتقلی کے ذریعے ہی بہتر سروس ڈیلیوری ممکن ہوتی ہے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے