فاروق آباد(پنجاب پوسٹ)وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن "ڈرگ فری پنجاب” کے تحت ضلع شیخوپورہ میں منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن پوری شدت سے جاری ہے۔ اسی سلسلے میں تھانہ صدر فاروق آباد پولیس نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دو بدنام زمانہ منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 4 کلو چرس برآمد کر لی۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) شیخوپورہ بلال ظفر شیخ کی ہدایت پر ضلع بھر میں منشیات فروشوں کے گرد گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے۔ اس مہم کے دوران ایس ایچ او تھانہ صدر فاروق آباد سردار عبدالسلام ڈوگر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ملزمان قادر نواز عرف رانا مٹھا اور شہباز کو گرفتار کیا۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے 4 کلو چرس برآمد ہوئی۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
ایس ایچ او کا مؤقف
ایس ایچ او تھانہ صدر سردار عبدالسلام ڈوگر نے کہا کہ منشیات فروش معاشرے کا ناسور ہیں اور کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل کی رگوں میں زہر اتارنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ علاقے کو منشیات کی لعنت سے مکمل پاک کرنے تک بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے زور دیا کہ منشیات کے خاتمے کے لیے پولیس اور عوام کا باہمی تعاون ناگزیر ہے، اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ منشیات فروشوں کے بارے میں پولیس کو اطلاع دیں۔













