لاہور(پنجاب پوسٹ) لاہور ہائیکورٹ نے سول جج ندیم اصغر ندیم کی عدالتی فیصلہ سازی سے متعلق کتاب کی منظوری دے دی، جس کے بعد یہ کتاب ایمازون پر شائع کر دی گئی ہے۔ کتاب کا عنوان "دی آرٹ آف ججنگ از ناٹ ہارڈ ٹو ماسٹر” ہے۔
ذرائع کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کی باقاعدہ اجازت کے بعد سول جج ندیم اصغر ندیم کی تصنیف کو عالمی آن لائن پلیٹ فارم ایمازون پر دستیاب کیا گیا۔ یہ پیش رفت عدلیہ کے کسی جج کی جانب سے عدالتی امور پر علمی و تحقیقی کام کی اشاعت کے حوالے سے اہم قرار دی جا رہی ہے۔
کتاب میں فیصلہ سازی کے تمام پہلوؤں پر تفصیل سے بحث کی گئی ہے۔ مصنف نے عدالتی فیصلہ سازی کو محض قانونی عمل کے بجائے سائنس اور آرٹ دونوں کے طور پر پیش کیا ہے، جس میں قانونی اصولوں کے ساتھ ساتھ تجربہ، بصیرت اور مہارت کا کردار بھی اہم ہوتا ہے۔
کتاب کے عنوان سے بھی ظاہر ہوتا ہے کہ مصنف کے نزدیک ججنگ کے فن کو سمجھنا اور اس میں مہارت حاصل کرنا اتنا مشکل نہیں، بشرطیکہ اس کے اصولوں اور طریقہ کار کو درست انداز میں سمجھا جائے۔ توقع ہے کہ یہ کتاب نوجوان ججز، وکلا اور قانون کے طلبہ کے لیے رہنمائی کا ذریعہ ثابت ہوگی۔












