پنجاب ، ہر شہر میں واسا کا قیام ناکام ، تنخواہیں ۔بجلی کے بلز اور دفاتر کے اخراجات پورے کرنا واسا افسران کے لئے مشکل۔ہوگیا

لاہور(پنجاب پوسٹ)پنجاب میں شہروں کے لیے قائم کی گئی واسا اتھارٹیز شدید مالی بحران کا شکار ہو گئی ہیں۔ سبسڈی کی بروقت اور مکمل ادائیگی نہ ہونے کے باعث تنخواہوں، بجلی کے بلز اور دفاتر کے روزمرہ اخراجات پورے کرنا واسا افسران کے لیے مشکل ہو گیا ہے، جبکہ ماہرین کے مطابق واسا پنجاب کے مکمل طور پر بیٹھ جانے (کریش ہونے) کا خطرہ بھی پیدا ہو چکا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ میگا سٹیز پر توجہ اور کنٹرول کے مقابلے میں چھوٹے اور پسماندہ شہر مسائل کے بوجھ تلے دب کر رہ گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق واسا پنجاب نے 70 ارب روپے کی سبسڈی کے ساتھ اپنا سفر شروع کیا تھا، تاہم سبسڈی نہ ملنے کے باعث ادارہ مکمل خسارے میں چلا گیا ہے۔ واسا پنجاب کے آفس کے لیے 75 کروڑ روپے جبکہ باقی تمام شہروں کے واسا کو چلانے کے لیے فی شہر ایک ارب روپے کی سبسڈی مختص کی گئی تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں سال واسا کو چلانے کے لیے حکومت نے سبسڈی کی مد میں 40 ارب روپے کے فنڈز جاری کیے تھے۔ تاہم موجودہ سال میں 30 ارب روپے ادا کیے جانے تھے، مگر صرف 2 ارب روپے جاری کیے گئے، جس سے واسا پنجاب کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

مختلف شہروں میں جہاں واسا کے ٹیوب ویلز اور ڈسپوزل اسٹیشن موجود ہیں، وہاں بجلی کے بل کروڑوں روپے میں آتے ہیں۔ اس کے علاوہ تنخواہوں اور دفاتر کے اخراجات ہر شہر میں دو کروڑ روپے سے زائد ہیں۔

ذرائع کے مطابق واسا پنجاب نے پانی اور سیوریج کے بلز سے امیدیں وابستہ کر لی ہیں، جو پوری ہونے کے برابر نہیں ہیں۔ مختلف شہروں میں واسا کے بلز کی ریکوری ایک کروڑ روپے سے اوپر نہیں جاتی، جبکہ اخراجات 4 سے 5 کروڑ روپے تک ہیں۔ کئی شہروں میں واسا کا ہدف بھی پورا نہیں ہوتا، جس کی بڑی وجوہات سروے کا مکمل نہ ہونا اور شہریوں کی جانب سے بلز کی عدم ادائیگی ہیں۔

واسا افسران نے دبے لفظوں میں شکوہ کیا کہ ایک چھوٹے شہر کی آبادی تقریباً ایک لاکھ ہوتی ہے، جس سے گھروں کی تعداد تقریباً 14 ہزار بنتی ہے۔ اگر اس میں سے سو فیصد ریکوری بھی کر لی جائے تو رقم ڈیڑھ کروڑ روپے تک نہیں پہنچتی، ایسے میں واسا کو کیسے چلایا جائے؟

ذرائع نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر واسا کو سبسڈی نہ ملی تو جنوری یا فروری تک ادارے کو چلانا مشکل ہو جائے گا۔

ذرائع کے مطابق واسا لاہور کو بھی طویل عرصے تک حکومتی سبسڈی پر چلایا گیا، تب جا کر اس کی ریکوری 54 کروڑ روپے تک پہنچ سکی۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے