لاہور (پنجاب پوسٹ)وزیراعلیٰ پنجاب کے احکامات پر پنجاب فوڈ فورٹیفیکیشن بل 2026 کا مسودہ منظوری کے لیے تیار کر لیا گیا ہے، جس کے تحت صوبے میں آٹا، گھی، تیل اور نمک کی فورٹیفیکیشن لازمی قرار دی گئی ہے۔ اجلاس میں یہ انکشاف بھی کیا گیا کہ پنجاب میں 5 سال سے کم عمر کے 27.3 فیصد بچے نشوونما کی کمی (اسٹنٹنگ) کا شکار ہیں۔
وزیر فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن سلمیٰ بٹ کی زیر صدارت فوڈ فورٹیفیکیشن سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری فوڈ سیفٹی ڈاکٹر کرن خورشید، ڈی جی فوڈ سیف انور جپہ، ڈی جی فوڈ اتھارٹی راجہ منصور سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سلمیٰ بٹ نے کہا کہ پنجاب میں غذائی قلت کے خاتمے اور بچوں اور خواتین میں غذائی کمی پوری کرنے کے لیے تاریخی قانون سازی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صوبے میں 15 سے 49 سال کی عمر کی خواتین میں آئرن اور زنک کی کمی تشویشناک حد تک بڑھ گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پنجاب کے ہوٹلز میں کھانا کھانے کیساتھ انعامی رقم بھی کیسے حاصل کی جاسکتی ہے ؟
سیکرٹری فوڈ سیفٹی ڈاکٹر کرن خورشید نے اجلاس کو بتایا کہ پنجاب میں 5 سال سے کم عمر کے 27.3 فیصد بچوں میں نشوونما کی کمی پائی جاتی ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ 2017 سے 2024 کے دوران بچوں میں اسٹنٹنگ کی شرح 31.5 فیصد سے کم ہو کر 27.3 فیصد پر آ گئی ہے۔
سزائیں اور جرمانے: سیکرٹری فوڈ سیفٹی کے مطابق فوڈ فورٹیفیکیشن کے لیے فوڈ اتھارٹی ایکٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے رجسٹریشن نہ کرانے پر 3 ماہ قید اور 10 لاکھ روپے تک جرمانے کی سزا ہو گی۔ فوڈ سیفٹی افسران کے کام میں رکاوٹ ڈالنے یا فوڈ فورٹیفیکیشن میں ناکامی پر 6 ماہ تک قید اور 20 لاکھ روپے جرمانہ ہو سکتا ہے۔
لازمی اقدامات: ڈاکٹر کرن خورشید نے بتایا کہ تمام مینوفیکچررز اور درآمد کنندگان کے لیے روزانہ کی بنیاد پر انٹرنل چیک، ریپڈ ٹیسٹس اور کوالٹی ایشورنس لازمی ہو گی۔ وزیر فوڈ سیفٹی سلمیٰ بٹ کے مطابق فوڈ سیفٹی افسران کے ساتھ مکمل تعاون اور درست معلومات کی فراہمی قانونی ذمہ داری ہو گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی انسپیکشن اور سرچ کے عمل کی الیکٹرانک ریکارڈنگ بھی لازمی قرار دے دی گئی ہے۔سلمیٰ بٹ نے کہا کہ خوراک کی تیاری میں مائیکرو نیوٹرینٹس (پریمکس) کے معیار کو برقرار رکھنے کے لیے سخت لیبارٹری ٹیسٹنگ اور پروڈکشن چیکس نافذ کیے جائیں گے۔













