وزیراعلیٰ مریم نواز کا ڈی ایچ کیو جہلم میں کیتھ لیب کا افتتاح، 24 گھنٹے سے زیادہ انجیوپلاسٹی کا انتظار نہ کرانے کی ہدایت

جہلم(پنجاب پوسٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہلم میں کیتھ لیب پراجیکٹ کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر انہوں نے ہدایت کی کہ پنجاب کے ہر ہسپتال میں انجیوپلاسٹی کے لیے مریض کو 24 گھنٹے سے زیادہ انتظار نہ کرایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جہلم کے عوام کو دل کے علاج کے لیے اب دوسرے شہروں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا۔

وزیراعلیٰ نے کیتھ لیب میں قائم وارڈ، سیمی موڈیولر آپریشن تھیٹر اور دیگر شعبوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے کیتھ لیب کے سٹور میں ادویات اور انجکشن وغیرہ کا معیار اور ایکسپائری بھی چیک کی۔ کنسول روم میں انہوں نے لائیو انجیوگرافی کا مشاہدہ کیا اور انجیوپلاسٹی کے بعد روبہ صحت مریضوں کی عیادت کی۔

مریم نواز شریف نے بتایا کہ انجیوگرافی، انجیوپلاسٹی، ای سی جی، جدید آپریشن تھیٹر اور وینٹی لیٹرز سے آراستہ اس کیتھ لیب میں اب تک 2400 مریضوں کا علاج کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی کوشش ہے کہ پنجاب کے کسی بھی ہسپتال میں انجیوپلاسٹی کے لیے مریض کو انتظار نہ کرنا پڑے۔ ان کا کہنا تھا کہ گھر کی دہلیز پر صحت کی بہترین سہولیات ہر شہری کا حق ہے۔

دبئی میں ڈرائیور کے طور پر کام کرنے والے شہزاد نوید نے بتایا کہ دل کی تکلیف ہونے پر وہ مفت علاج کے لیے پاکستان آئے۔ ان کے مطابق فیصل آباد میں انہیں ایک ہفتے بعد کا وقت ملا تھا، تاہم بہن کے کہنے پر وہ جہلم آئے جہاں فوری طور پر ان کی انجیوپلاسٹی کر دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ کئی سال بعد پاکستان آیا ہوں تو ملک پہلے جیسا نہیں لگ رہا، بہت بہتر ہے۔
زاہدہ بی بی کے گھر آمد

دورۂ جہلم کے دوران وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نیو آبادی اسلام پورہ کی رہائشی زاہدہ بی بی کو نئے گھر کی مبارکباد دینے ان کے ہاں پہنچ گئیں۔ زاہدہ بی بی نے "اپنی چھت، اپنا گھر” سکیم کے تحت قرض لے کر چار مرلہ مکان تعمیر کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے زاہدہ بی بی اور ان کی فیملی کے ساتھ مل کر گھر کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

وزیراعلیٰ نے فیملی سے ملاقات کی اور زاہدہ بی بی سے گھر کی تعمیر کے بارے میں دریافت کیا۔ بات کرتے ہوئے زاہدہ بی بی آبدیدہ ہو گئیں۔ مریم نواز شریف نے زاہدہ بی بی اور بچوں سے شفقت کا اظہار کیا اور انہیں قائد محمد نواز شریف کا سلام بھی پہنچایا۔

زاہدہ بی بی نے بتایا کہ انہوں نے دن رات کھڑے ہو کر گھر بنوایا، دن کو مزدور کام کرتے اور رات کو وہ خود کام کرتے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ دل چاہتا ہے مریم نواز شریف کو کھڑے ہو کر سیلوٹ کروں، انہوں نے ہمیں چھت دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہیں نواز شریف اور ان کی فیملی سے دلی لگاؤ ہے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ کو ساگ اور آلو کی بھجیاں پیش کی گئیں۔ مریم نواز شریف نے رغبت سے کھانا کھایا، اس کی تعریف کی اور دیسی آٹے کی خستہ روٹی بھی پسند کی۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے عوام کی خدمت کا موقع دیا ہے اور جب کوئی گھر بنتا ہے تو دلی خوشی ہوتی ہے۔ ان کے مطابق "اپنی چھت، اپنا گھر” پنجاب ہی نہیں بلکہ پاکستان کا سب سے بڑا لو کاسٹ ہاؤسنگ پراجیکٹ ہے، اور اس کی افادیت اور انفرادیت کو عالمی سطح پر بھی سراہا جا رہا ہے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے