لاہور (پنجاب پوسٹ) دیوالی کے دوران بھارت سے آنے والی آلودہ ہواؤں نے لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع کی فضائی آلودگی میں نمایاں اضافہ کیا۔
محکمہ تحفظ ماحول پنجاب کا تجزیہ
8 سے 10 نومبر کے دوران فضائی آلودگی کے تجزیے میں ایئر ٹریجیکٹری ماڈلز، سیٹلائٹ ڈیٹا اور مانیٹرنگ اسٹیشنز کی ریڈنگز شامل کی گئیں۔9 نومبر کی صبح 6 بجے کے فضائی تجزیے کے مطابق پنجاب کا تقریباً 50 فیصد حصہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھارت سے آنے والی ہواؤں کی زد میں رہا۔

پنجاب کا 39 فیصد حصہ گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران بھارت سے آنے والی فضائی لہروں سے متاثر ہوا۔دیوالی کی رات بھارتی سرحد سے چلنے والی آلودہ ہوا تقریباً 2 گھنٹوں میں امرتسر سے لاہور پہنچنے کی نشاندہی۔فضائی ماڈلنگ کے مطابق بھارتی سرحد سے آلودہ ہوا کو فیصل آباد پہنچنے میں تقریباً 12 جبکہ ملتان پہنچنے میں 11 گھنٹے لگے۔
ناسا کے VIIRS اور MODIS سیٹلائٹ ڈیٹا میں 9 نومبر کو پاک بھارت سرحد کے دونوں جانب دھند اور آلودگی کی ایک مسلسل پٹی ریکارڈ کی گئی۔7 سے 9 نومبر کے دوران امرتسر میں ایروسول آپٹیکل ڈیپتھ 0.44 سے بڑھ کر 2.63 تک پہنچ گئی۔اسی عرصے میں لاہور میں ایروسول آپٹیکل ڈیپتھ 0.56 سے بڑھ کر 2.63 ریکارڈ کی گئی۔
لاہور کے واہگہ بارڈر مانیٹرنگ اسٹیشن پر پی ایم 2.5 کی سطح میں 275 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔واہگہ بارڈر پر فضائی آلودگی کی بلند ترین سطح صبح 3 سے 4 بجے کے درمیان ریکارڈ کی گئی۔لاہور کے مغربی حصے میں واقع سفاری پارک مانیٹرنگ اسٹیشن پر پی ایم 2.5 میں صرف 15 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

لاہور میں مشرق سے مغرب کی جانب فضائی آلودگی کی سطح میں فرق سرحد پار سے آنے والی آلودہ ہواؤں کے اثرات کی نشاندہی کرتا ہے۔لاہور کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس 8 نومبر کے 366 سے بڑھ کر 9 نومبر کو 440 تک پہنچ گیا۔لاہور میں 9 نومبر کو صبح 9 بجے ایئر کوالٹی انڈیکس بلند ترین سطح پر ریکارڈ کیا گیا۔
سپارکو کی رپورٹ: پنجاب میں آگ لگنے کے واقعات میں 21 فیصد کمی
سپارکو کے ناسا فائر انفارمیشن فار ریسورس مینجمنٹ سسٹم (FIRMS) کے سیٹلائٹ ڈیٹا کے تجزیے کے مطابق پنجاب میں یکم جنوری سے 9 نومبر 2026 تک آگ لگنے کی مجموعی نشاندہی میں 2025 کے مقابلے میں تقریباً 21 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
پنجاب میں ہائی کنفیڈنس فائر ڈیٹیکشنز میں 43 فیصد نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔سپارکو کے مطابق نومینل فائر ڈیٹیکشنز میں 20 فیصد جبکہ لو کنفیڈنس فائر ڈیٹیکشنز میں 23 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

سیٹلائٹ ڈیٹا کے مطابق پنجاب میں مجموعی طور پر آگ لگنے کے واقعات کی نشاندہی میں گزشتہ سال کے مقابلے میں کمی کا رجحان سامنے آیا۔سپارکو کی رپورٹ میں آگ کی سیٹلائٹ کے ذریعے نشاندہی میں کمی ظاہر کی گئی ہے، تاہم یہ اعدادوشمار صرف فصلوں کی باقیات جلانے کے واقعات تک محدود نہیں ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:لاہور، ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر رواں سال 67 ملزمان گرفتار، 40 مقدمات درج












