جہلم (پنجاب پوسٹ)ایک ہی دن میں دو شہر اور اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف آج جہلم اور پنڈ دادن خان کا ہنگامی دورہ کریں گی، جہاں ترقیاتی کاموں کی جھڑی لگنے والی ہے۔ دورے کے دوران جہلم کے لیے اربوں روپے مالیت کے منصوبوں کا آغاز کیا جائے گا، کیتھ لیبز، جمنازیم اور بیوٹیفکیشن پراجیکٹس کے فیتے کاٹے جائیں گے، جبکہ پنڈ دادن خان میں بھی بیوٹیفکیشن منصوبے کا افتتاح ہوگا۔
صحت، کھیل، تعلیم اور شہری سہولتوں کو یکجا کرتے اس مصروف شیڈول میں 537 طلبہ کو ہائی پرفارمنس لیپ ٹاپس اور 109 ہونہار طلبہ کو سکالرشپ چیکس بھی دیے جائیں گے، جسے علاقے کے عوام کے لیے ترقی اور سہولتوں کا بڑا پیکیج قرار دیا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نوازشریف جہلم میں کیتھ لیبز اور بیوٹیفکیشن پراجیکٹس کا افتتاح کریں گی، جبکہ جمنازیم کا افتتاح بھی ان کے شیڈول میں شامل ہے۔ پنڈ دادن خان میں بھی وہ بیوٹیفکیشن پراجیکٹ کا افتتاح کریں گی۔ اس کے علاوہ کولیلہ جہلم روڈ پر وزیراعلیٰ کو خصوصی بریفنگ دی جائے گی۔
جہلم میں منعقدہ تقریب میں وزیراعلیٰ طلبہ میں لیپ ٹاپ اور ہونہار سکالرشپ چیکس تقسیم کریں گی۔ جہلم کے طلبہ کو 537 ہائی پرفارمنس کور آئی سیون، 13ویں جنریشن ہارڈ ویئر کے حامل لیپ ٹاپ اور 109 سکالرشپس دیے جائیں گے۔ لیپ ٹاپ حاصل کرنے والوں میں سرکاری یونیورسٹی کے 115 طلبہ اور نرسنگ کالج کی 42 طالبات شامل ہیں، جبکہ سرکاری کالجز کے 380 طلبہ کو بھی لیپ ٹاپ ملیں گے، جن میں 329 طالبات اور 51 طلبہ شامل ہیں۔
جہلم کے 109 طلبہ کو تقریباً 25 لاکھ روپے مالیت کے ہونہار سکالرشپ دیے جائیں گے۔ سی ایم ہونہار سکالرشپ سوشل سائنسز، بیہیورل سائنسز، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور کمپیوٹر سائنس کے طلبہ کو دیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس اینڈ سائبر سکیورٹی، انجینئرنگ اینڈ ایمرجنگ ٹیکنالوجیز اور الائیڈ ہیلتھ سائنسز کے طلبہ بھی اس سکالرشپ سے مستفید ہوں گے۔














