کیا مریم نواز کے ویژن سے لاہور کی طالبات سکوٹی چلانے میں خودمختار بن رہی ہیں؟ ایک ماہ میں کتنی طالبات نے فری ٹریننگ حاصل کی

لاہور (پنجاب پوسٹ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق طالبات کو بااختیار اور خودمختار بنانے کے لیے لاہور ٹریفک پولیس کا دو روزہ مفت سکوٹی ڈرائیونگ ٹریننگ پروگرام کامیابی سے جاری ہے۔ شہر میں قائم پانچ سکوٹی سکولز سے صرف ایک ماہ کے دوران 716 طالبات فری ٹریننگ حاصل کر چکی ہیں، جبکہ خواتین کے تحفظ اور سہولت کے لیے مزید اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر شروع کیے گئے اس پروگرام کے تحت طالبات کو دو روز تک ماہر انسٹرکٹرز کی زیر نگرانی سکوٹی چلانے کی عملی تربیت دی جا رہی ہے۔ سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق ٹریننگ سیشنز میں محفوظ ڈرائیونگ اور ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی بھی فراہم کی جائے گی۔

سی ٹی او لاہور کے مطابق شہر میں لبرٹی مارکیٹ، گریٹر اقبال پارک، ایل او ایس فیروزپور روڈ، آبشار اور مناواں لائنز میں سکوٹی سکولز قائم ہیں۔ طالبات ان پانچوں ڈرائیونگ سکولز میں سے کہیں سے بھی مفت تربیت حاصل کر سکتی ہیں، جبکہ ڈرائیونگ سکول ایل او ایس فیروزپور سے خواتین ہمہ وقت فری ڈرائیونگ ٹریننگ لے سکتی ہیں۔

سی ٹی او لاہور نے انچارج ڈرائیونگ سکولز کو ہدایت کی ہے کہ سکولوں اور کالجوں میں بھی فری ٹریننگ سیشنز منعقد کیے جائیں۔ سکولز اور کالجز کی انتظامیہ سکوٹی ٹریننگ سیشنز کے انعقاد کے لیے ٹریفک پولیس کے نمبر 03225638888 پر رابطہ کر سکتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ تمام لائسنسنگ ٹیسٹنگ سینٹرز میں طالبات کے لیے الگ جین زی کاؤنٹرز بھی قائم کیے گئے ہیں۔ سڑکوں پر خواتین ڈرائیورز کے تحفظ کے لیے بھی خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

لاہور ٹریفک پولیس کی جانب سے 18 سال سے کم عمر نوجوانوں کو 16 ہزار سے زائد جووینائل پرمٹس جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ رواں سال موٹرسائیکل سواروں کو 2 لاکھ سے زائد ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے ہیں۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے