لاہور(پنجاب پوسٹ)لاہور کی سیشن عدالت نے دو غیر ملکی خواتین کو مبینہ طور پر اغوا کرنے اور زیادتی کا نشانہ بنانے کے سنگین مقدمے میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے رضا ڈار سمیت 8 ملزمان پر باضابطہ طور پر فردِ جرم عائد کر دی ہے۔ ملزمان کی جانب سے صحتِ جرم سے انکار کے بعد اب مقدمہ باقاعدہ ٹرائل کے مرحلے میں داخل ہو گیا ہے، جہاں استغاثہ کے گواہوں کے بیانات قلم بند کیے جائیں گے۔
ایڈیشنل سیشن جج رفاقت علی گوندل نے دو غیر ملکی خواتین سے مبینہ زیادتی اور اغوا کے مقدمے کی سماعت کی۔ سماعت کے موقع پر پولیس نے تمام ملزمان کو سخت سکیورٹی میں عدالت کے روبرو پیش کیا۔
یہ بھی پڑھیں:ڈیفنس مبینہ زیا-د-ت-ی، عدالت نے احمد رضا ڈار کیخلاف کیا فیصلہ سنایا؟
عدالت نے کارروائی کے دوران رضا ڈار سمیت 8 ملزمان پر فردِ جرم عائد کی۔ فردِ جرم پڑھ کر سنائے جانے پر تمام ملزمان نے صحتِ جرم سے انکار کر دیا اور خود کو بے گناہ قرار دیا۔ ملزمان کے انکار کے بعد عدالت نے مقدمے کی آئندہ کارروائی کے لیے گواہوں کو 10 دسمبر کو بیانات ریکارڈ کروانے کے لیے طلب کر لیا ہے۔
یہ مقدمہ لاہور کے تھانہ ڈیفنس سی میں مبینہ زیادتی اور اغوا کی دفعات کے تحت درج کیا گیا تھا۔ مقدمے کے مطابق ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے دو غیر ملکی خواتین کو مبینہ طور پر اغوا کیا، انہیں زیادتی کا نشانہ بنایا اور ان سے لاکھوں روپے بھی وصول کیے۔
قانونی ماہرین کے مطابق فردِ جرم عائد ہونے کے بعد اب استغاثہ پر لازم ہے کہ وہ گواہوں اور شواہد کے ذریعے ملزمان کے خلاف الزامات ثابت کرے، جبکہ ملزمان کو بھی اپنے دفاع کا پورا حق حاصل ہوگا۔ عدالت نے واضح کیا ہے کہ مقدمے کا فیصلہ شواہد اور قانون کے مطابق کیا جائے گا۔










