گجرات:( پنجاب پوسٹ ) ضلع گجرات میں ایک ہی روز کے دوران قتل کی تین افسوسناک وارداتوں نے شہریوں کو شدید تشویش میں مبتلا کر دیا۔ کہیں زمین کا تنازعہ خونی تصادم میں بدل گیا، کہیں مکان کے جھگڑے پر بھائی نے مبینہ طور پر بہن کی جان لے لی، جبکہ ایک اور واقعے میں نامعلوم افراد کی فائرنگ نے ایک گھر کا چراغ گل کر دیا۔
ویلفیئر کے علاقے میں زمین کے تنازعے پر دو گروپوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 55 سالہ سید علی محمد موقع پر جاں بحق ہو گیا جبکہ دو افراد زخمی ہوئے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی، علاقے کو گھیرے میں لیا اور قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں : لاہور: سبزہ زار کے علاقہ میں چوری کرنے والا گھریلو ملازم مردان گرفتار
تھانہ ککرالی کی حدود میں واقع علاقے کوٹلہ ارب علی خان میں مکان کے تنازعے پر مبینہ طور پر بھائی نے اپنی بہن صوبیہ شاہین کو قتل کر دیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
تھانہ صدر کے علاقے کلاچور میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے محمد فیاض ولد ریاض احمد جاں بحق ہو گیا۔ پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے۔
تینوں واقعات کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ڈی پی او گجرات فیصل شہزاد خود فیلڈ میں متحرک رہے اور ہر جائے وقوعہ پر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا۔ ایس ایچ او تھانہ صدر راجہ شیروز اور ایس ایچ او تھانہ ککرالی عبدالرحمٰن ڈوگہ بھی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر موجود رہے اور حالات کو قابو میں رکھنے کے لیے فوری اقدامات کیے۔ پولیس کے بروقت رسپانس سے مزید کشیدگی اور امن و امان کی صورتحال بگڑنے کا خدشہ ٹل گیا۔
پولیس کے مطابق تینوں واقعات کی تحقیقات جاری ہیں، شواہد جمع کیے جا رہے ہیں اور ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ ڈی پی او فیصل شہزاد کی نگرانی میں پولیس کی ترجیح ملزمان کو قانون کی گرفت میں لانا، متاثرہ خاندانوں کو انصاف کی فراہمی اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔
دوسری جانب شہریوں نے پولیس حکام سے توقع ظاہر کی ہے کہ تینوں واقعات میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کر کے انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے









