لاہور (پنجاب پوسٹ) چھٹا سالانہ عزیر رفیق میموریل ہاکی ٹورنامنٹ: سعید انور ہاکی کلب فاروق آباد نے فائنل جیت لیا جبکہ فائنل میچ کے مہمان خصوصی معروف سماجی شخصیت رانا حامد سہیل تھے.
فاروق آباد میں کھیل کے فروغ اور روایتی کھیلوں کی ترویج کے حوالے سے ایک اور شاندار باب رقم کرتے ہوئے، چھٹے سالانہ عزیر پروٹین رفیق میموریل ہاکی ٹورنامنٹ کا فائنل میچ مقامی ہاکی گراؤنڈ میں انتہائی جوش و خروش اور شان و شوکت کے ساتھ کھیلا گیا اس باوقار ٹورنامنٹ میں پنجاب بھر سے نامور اور بہترین 16 ہاکی ٹیموں نے بھرپور حصہ لیا۔
ابتدائی مرحلے کے سخت مقابلوں کے بعد ٹورنامنٹ کے فائنل تک رسائی حاصل کرنے والی دو بہترین ٹیمیں آمنے سامنے آئیں سعید انور ہاکی کلب فاروق آباد ،راشد اول ہاکی کلب گوجرانولہ میچ کے دوران دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ مقررہ وقت تک مقابلہ انتہائی سنسنی خیز اور کانٹے دار رہا، جہاں دونوں اطراف سے گول کرنے کی بھرپور کوششیں کی گئیں لیکن دفاعی لائن نے حریف ٹیموں کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہ دیا۔


میچ کا فیصلہ کن مرحلہ انتہائی دلچسپ رہا اور آخرکار فاتح کا فیصلہ پینلٹی اسٹروکس پر کیا گیا، جہاں سعید انور ہاکی کلب فاروق آباد نے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے حریف ٹیم کو شکست دی اور ٹورنامنٹ اپنے نام کر لیا فائنل میچ کے اس اہم موقع پر ہاکی کے کھیل سے جنون کی حد تک لگاؤ رکھنے والے شائقین کی ایک بڑی تعداد گراؤنڈ میں موجود تھی، جنہوں نے شاندار اور سنسنی خیز لمحات پر کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔
میچ کے اختتام پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ٹورنامنٹ میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی ٹیموں، بالخصوص فرسٹ اور سیکنڈ آنے والی ٹیموں میں نقد انعامات اور شیلڈز تقسیم کی گئیں۔ مہمانِ خصوصی رانا حامد سہیل نے جیتنے والی اور رنر اپ ٹیم کے کھلاڑیوں کو مبارکباد دی اور فاروق آباد میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔









